چترال

راولپنڈی سے چترال آنے والی کوسٹر لواری ٹاپ کے قریب حادثے کا شکار، 11افراد جان بحق، 10زخمی ہو گئے

چترال (بشیر حسین آزاد)راولپنڈی سے چترال آنے والی کوسٹر بس لواری ٹاپ کے پہاڑی سلسلے میں دارو خوڑ کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا جسکے نتیجے میں 11افراد جان بحق اور 10افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بد قسمت کوسٹر گاڑی نمبر C-2033 جسے ڈرائیور خالق استاذ سکنہ کشمیر چلارہا تھا گذشتہ رات 8بجے پیر ودہائی راولپنڈی کے کرسٹل لائن اڈے سے چترال کے لئے روانہ ہواتھا۔ اڈہ ذرائع کے مطابق اس بس میں کل 27 افراد سوار تھے جن میں 23مسافر اورتین بچے، گاڑی کا ڈرائیور اور کلینیئرشامل ہیں۔ یہ حادثہ صبح ساڑھے سات بجے دارو خوڑ کے قریب اس وقت پیش آیا جب بدقسمت بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک کو راستہ دے رہا تھا۔ اس وقت گاڑی سے کلنیئر اور ایک مسافر نیچے اتر گئے تھے۔ حادثے کے فوری بعد مقامی رضارکاروں، پولیس، آرمی اور سکاؤٹس کے اہلکاروں نے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ دیر پولیس کے اے ایس آئی صاحب نبی سکنہ برنس کی قیادت میں پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر موجود رہی ۔ جان بحق افراد اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال دیر بالا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال دیر بالا میں موجود دیر پولیس کے سب انسپکٹر محمد اسلام نے میڈیاکو بتایا کہ حادثے میں جان بحق افراد میں سراج الدین ولد نظام الدین سکنہ اوسیک دروش، سید ہیبت اللہ ولد سید ظفر علی شاہ سکنہ گلشن آباد راولپنڈی، امیر سلام ولد محمد اسلام سکنہ باجوڑ، محمد شفیع ولد غلام نبی سکنہ بروم کاغ کوشٹ، سید کلیم اللہ ولد سید ہیبت اللہ سکنہ راولپنڈی، سعدیہ دختر سید ہیبت اللہ سکنہ راولپنڈی ، زار نبی ولد شیر خان ساکن تریچ حال فاروق گنج گجرانوالہ اور محب الرحمن ولد شیر خان سکنہ شاگروماور تین بچے جن کے نام معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔ پولیس نے زخمی افراد کی جو فہرست بتائی اسکے مطابق زخمی افراد میں بشیر الدین ولد عزیز الدین سکنہ چترال، حاجرہ بی بی زوجہ زر نبی سکنہ موڑکہو چترال، حمیرہ بی بی زوجہ توفیق سکنہ دروش، آصف الدین ولد عبدالحلیم سکنہ موڑکہو، شاہد اقبال ولد نا معلوم چترال، عامر ولد محمد سکنہ کراچی، نقاش ولد شمشاد مسیح فیض آباد چترال، تنویر اللہ ولد نصیر اللہ سکنہ دروش، نادیہ دختر ہیبت اللہ سکنہ راولپنڈی اور محمد عثمان ولد عزیز الحق سکنہ ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں۔

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ دیر پولیس اور ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے کرسٹل لائن اڈے کے ذمہ داران سے لسٹ منگوا لئے ۔ دیر پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے اور مسافروں کے سامان کو اپنی تحویل میں لے رہی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button