سیاست

میڈیا کو دبانے سے مسائل نہیں چھپتے، پیپلزپارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، جمیل احمد، سینئر نائب صدر

چلاس(مجیب الرحمان)پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی سینئیر نائب صدر جمیل احمد خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حفیظ الرحمان اپنی نا اہلی چھپانے کی خاطر میڈیا کا گلا دبا رہے ہیں۔حفیظ سن لیں۔ میڈیا کو دبانے سے مسائل نہیں چھپتے عوامی مسائل کسی بھی طریقے سے سامنے آہی جائیں گے۔پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ن لیگ کی طرح اداروں کو یر غمال نہیں بناتی تھی۔آمرانہ سوچ کی حامل سرکار کے دور میں اخبارات کی مکمل بندش بد نما داغ ہے۔موجودہ دور میں دودھ اور شہد کی نہریں اگر بہہ رہی ہیں تو میڈیا سے کیوں خوفزدہ ہیں۔پیپلز پارٹی نے میڈیا کو مکمل آزادی دی ہوئی تھی۔نشاندہی پر ہماری حکومت فوری نوٹس لے کر عوامی مسائل حل کرتی تھی۔حفیظ سرکار کو بھی کھلے دل کا مظاہرہ کر کے تنقید کو برداشت کر نا ہوگا۔اور عوامی مسائل کے حل کے دعووں کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اب نالائق حکومت اور انکے وزراء سے نجات چاہتے ہیں۔پیپلز پارٹی پہلے بھی عوامی امنگوں کی ترجمان تھی اب بھی ہے اور رہے گی۔پیپلز پارٹی کے خاتمے کا سوچنے والے آپس میں دست و گریباں ہیں۔انکا کوئی بھی کارکن مطمئن نہیں ہے اور ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔آپس میں ہماری پارٹی کی اور جیالوں کی مثالیں دے رہے ہیں۔ہم پہلے بھی چاروں صوبوں کی زنجیر کہلاتے تھے اب بھی ہیں۔عوام کے دلوں سے پیپلز پارٹی کی محبت ختم نہیں کی جا سکتی ہے۔

اپنے کارکنوں کو ایک کال دیں گے تو سڑکوں پر جگہ کم پڑ جائے گی۔اسکردو کا جلسہ عوام کی امنگوں کا ترجمان ہوگا اور حکومتی ایوانوں میں زلزلہ بپا کر دے گا۔ہم کسی صورت عوامی مفاد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں ۔انکے ساتھ اوچھے ہتھکنڈے آزمانا کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے ہیں۔آزادی صحافت کے دن کو یوم سوگ کے طور پر منانا حکومتی نا اہلی اور غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔شرمساری کے بجائے گلا گھونٹنے پر تلے رہنا کوئی دانشمندی نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے میڈیا ہاؤسز پر پابندی قابل مذمت ہے۔میڈیا کو انکا جائز مقام دیا جانا چاہیے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button