کھیل

ناظم کے نافذ کردہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے علاوہ چارہ نہیں، جمعرات کو ریلی کے بعد پولو ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا، شہزادہ سکندرالملک

چترال: پولو ایسوسی ایشن چترال کے صدر شہزادہ سکندرالملک نے پریس کلب میں بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم چترال کی جانب سے دفعہ 144کے نفاذ کی پُر زور مذمت کی، اور پولو ٹورنامنٹ موخر کرنے کو بلا جواز قرار دیا ۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ ریٹائرڈ سوبیدار محمد ہاشم ، معز الدین بہرام ، جمیل شہزادہ ریاض الدین اور پولو پلیرز کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت پر ہم سب کی جان قربان ہے ۔ لیکن پولو ٹورنامنٹ کا چترال میں رونما ہونے والے واقعے سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ مئی کو ڈی سی آفس میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ناظم ڈپٹی کمشنر چترال ، ڈی پی او ، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس اور پولو ایسو سی ایشن کے عہدہ داران موجود تھے ۔ جس میں اتفاق رائے سے 9مئی کو ٹیموں کے مابین ٹاس اور 10 مئی کو ٹورنامنٹ کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ لیکن گذشتہ روز ٹورنامنٹ کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ دوبارہ میٹنگ میں ضلع ناظم نے ٹورنامنٹ ملتوی پر بضد ہوئے ۔ جبکہ تمام آفیسران ٹور نامنٹ کے منعقد کرنے پر متفق ہیں اور طے شدہ پروگرام کے مطابق ضلع کے دور دراز علاقوں سے پولو پلیرز نے اپنے گھوڑے انتہائی مشکل سے چترال پہنچا دیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹورنامنٹ ملتوی کرنا ہی تھا تو ضلع ناظم کو ابتدائی میٹنگ میں ہی اپنا موقف واضح کرنا چاہیے تھا ۔

انہوں نے کہا کہ پولو چترال کا انتہائی اہمیت کا حامل کھیل ہے ۔ اور پولو کی وجہ پاکستان کے تمام حکمران کئی مرتبہ چترال آئے ۔ اور تمام تر منصوبوں کے اعلانات پولو میچ کے موقع پر کئے گئے ہیں ۔ اس لئے پولو چترال کی ترقی کی علامت ہے ۔

انہوں نے کہا  کہ اُن کے پا س ضلع ناظم کے دفعہ 144کی خلاف ورزی کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں ۔ جمعرات کو دو بجے چترال چیو پُل سے ایک پُر امن پولو پلیرز اور تماشائیوں کی ریلی نکالی جائے گی ۔ جو پولو گراؤنڈ چترال پہنچ کر ختم ہوگا اور ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم کسی کے مخالف اور کسی کی حمایت نہیں کرتے ۔ ہم صرف پولو کھیل تک محدود ہیں ۔ جو کہ ہماری ثقافت ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button