متفرق

ہلا ل احمر کے زیر اہتمام سکردو اورغذرمیں رضاکاروں کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

سکردو/غذر(پ ر) ہلال احمرپاکستان اور جرمن ریڈکراس کے باہمی اشتراک سے رضاکاروں کے لئے منعقدہ چار روزسے جاری تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سکردو میں منعقد ہوئی۔ ورکشاپ میں بلتستان بھر سے رضاکاروں کو ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔ ورکشاپ میں ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں، ویمن کالج کی ٹیچرز ، صحافی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پچیس سے زائد رضاکاروں کو مہارتیں سکھائی گئیں۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی معروف سکالر، سماجی شخصیت اور صدارتی ایوارڈیافتہ شخصیات یوسف حسین آبادی اور محمد حسن حسرت نے کامیاب شرکاء میں اسناد تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانوں نے کہا کہ انسانی بہبود کے اداروں کے ساتھ منسلک ہونا خوش قسمتی ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیتیں وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انسانی جانوں کے ضیاں کو روکنے کے لئے فوری مدد کی انتہائی اہمیت ہے۔ انہوں نے ہلال احمر کے سہل کاروں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہلال احمر کی گلگت بلتستان میں ہنگامی امداد کے حوالے سے ایک معتبر مقام ہے۔ اس موقع پر محمد حسن حسرت کو ہلال احمر گلگت بلتستان کی منیجنگ کمیٹی کی رکنیت کی دعوت دی جو انہوں نے بہ رضا ورغبت قبول کرتے ہوئے اپنی خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ شرکاء کی نمائندگی کرتی ہوئی ویمن کالج سکردو کی ٹیچر ریحانہ حیدر نے کامیاب تربیتی پروگرام کے انعقاد پر ہلال احمر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ رضاکار ہلال احمر کے ساتھ ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔ ہلال احمر سکردو کے ڈسٹرکٹ سکریٹری نے ٹرینرز، مہمانان اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ہلال احمر کی طرف سے حسن حسرت کا منیجنگ کمیٹی ممبر دعوت قبول کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء ہلال احمر گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان کے مطابق اسی طرزکی ایک اور تربیتی ورکشاپ ضلع غذرکے ہیڈکوارٹر گاہکوچ میں بھی منعقدکی گئی جس میں ضلع کے مختلف علاقوں سے منتخب رضاکاروں اور ایل ایس اوزکے نمائندوں نے شرکت کی۔اس دوران شرکاء کوقدرتی آفات سے موثراندازمیں نمٹنے، ہنگامی صورتحال میں ابتدائی طبی امدادکی فراہمی اور دیگرموضوعات پر خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔اس ورکشاپ کے لئے کنیڈین ریڈکراس کا مالی تعاون حاصل تھا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلال احمرگلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری نورالعین نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان علاقے میں قدرتی آفات کے متاثرین کی امدادوبحالی کی سرگرمیوں کے علاوہ آفت زدہ علاقوں کے لوگوں کی مختلف شعبوں میں استعدادکارکوبڑھانے کے حوالے سے خصوصی اقدامات کررہی ہے اور آج کی یہ تربیتی ورکشاپ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے شرکاء کورس پر زوردیا کہ وہ ہلال احمرکا پیغام گھرگھرپہنچانے اور لوگوں کو قدرتی آفات کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے حوالے سے شعوروآگاہی دینے میں اپنا بھرپورکرداراداکریں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button