سیاست

صوبائی حکومت حفیظ لمیٹڈ کمپنی بن چکی ہے، سعدیہ دانش

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت حفیظ لمیٹڈ کمپنی بن چکی ہے،ایک طرف ٹھیکوں کی سیل لگی ہوئی ہے تو دوسری طرف نوکریاں لیگی متوالوں میں مال غنیمت کی طرح بانٹی جارہی ہیں۔جمعرات کے روز انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی لینڈ مافیاز کے سرپرست اور سہولت کار ہیں اسلئے حق ملکیت بل سے خوف زدہ ہو کر اسے دبا رکھا ہے۔ریکارڈ توڈ ترقی کے دعوے داروں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے،وزراء اور ارکان اسمبلی عوام کی خدمت کے بجائے وزیر اعلیٰ کی آشیرباد حاصل کرنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا ترقیاتی بجٹ تو سو فیصد استعمال نہیں ہوا البتہ وعدہ خلافیوں اور کرپشن کا ہدف سو فیصد ضرور پورا ہوا ہے، ڈھائی سال میں گلگت بلتستان میں تو کوئی ترقی نہیں ہوئی البتہ وزیر اعلیٰ اور اسکے منظور نظر افراد نے دن دگنی رات چگنی ترقی کی ہے اور عوام کو جھوٹ اور مکر و فریب کے سوا کچھ نہیں دیا گیا۔سعدیہ دانش نے کہا کہ حکومت پیپلز پارٹی کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ قرار دے کر اپنی نا اہلی پر پردہ ڈالنے کی سعیِ نامراد کر رہی ہے ،پیپلز پارٹی دراصل حکومتی کرپشن،اقربا پروری،اندھیر نگری،لاقانونیت اور زمینوں کی بندربانٹ کی راہ میں رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی غیر سنجیدگی اور ناپختگی کا یہ عالم ہے کہ گلگت بلتستان کونسل مکمل طور ہر غیرفعال ہو چکا ہے اور اسے قانون سازی کے بجائے محض مراعات کے حصول کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے جبکہ کونسل کا بجٹ بھی گیارہ ماہ سے بدستور التوا کا شکار ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button