شعر و ادب

نوجوان اسکالر عبدالکریم کریمی کی کتابیں کلیاتِ کریمی کی جلد دوم اور سوم شائع ہوگئیں

گلگت (خصوصی رپورٹ) ’’شاید پھر نہ ملیں ہم‘‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھو لینے والے نوجوان اسکالر اور قلم کار عبدالکریم کریمی کی حال ہی میں دو کتابیں کلیاتِ کریمی کی دوسری اور تیسری جلدیں ’’سسکیاں‘‘ اور تلخیاں‘‘ ایک ساتھ شائع ہوئی ہیں۔ ملک بھر کے ادبی حلقوں کی طرف سے مصنف کو ان کتب کی اشاعت پر مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

مصنف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کتابوں کی تقریب رونمائی عید کے فوراً بعد حلقہ اربابِ ذوق گلگت اور کاروانِ فکرو ادب غذر کے تعاون سے ان کی رہائش گاہ غذر میں قصر درویش کی کریم منزل میں ہوگی۔ مذکورہ کتابیں موصوف کے ادبی و علمی مضامین اور افسانوں کا مجموعہ ہیں۔

پہلی کتاب ’’سسکیاں‘‘ پر سابق گورنر گلگت بلتستان محترمہ شمع خالد (مرحومہ)، سابق مشیر وزیراعظم پاکستان جناب مولانا عطاء اللہ شہاب اور سابق وزیر تعلیم گلگت بلتستان جناب ڈاکٹر علی مدد شیر نے تبصرہ کرتے ہوئے کتاب کی علمی و ادبی اہمیت اور مصنف کی علاقے میں ادب کے فروغ کے لیے کاوشوں کو سراہا ہے۔ یہ کتاب 280؍ صفحات پر مشتمل ہے جوکہ کاروانِ فکرو ادب غذر نے شمس پرنٹرز ناظم آباد کراچی سے شائع کیا ہے۔

اسی طرح دوسری کتاب ’’تلخیاں‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے وائس آف امریکہ کی اردو سروس کی ویب ایڈیٹر محترمہ مدیحہ انور اور بلتستان کے نامور محقق جناب محمد حسن حسرت نے کتاب کو اردو ادب میں خوبصورت اضافہ قرار دیا ہے جبکہ مصنف کو ان کی ادبی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ کتاب پر اردو ادب کے امام جناب پروفیسر حشمت علی کمال الہامی نے منظوم تاثرات سے جس خوبصورت پیرائے میں مصنف کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے وہ اپنی جگہ ایک ادبی شاہکار کی حیثیت رکھتا ہے۔

یہ کتاب بھی مصنف کی علمی و ادبی مضامین، خطوط، افسانے اور اشعار کا مجموعہ ہے۔ 160؍ صفحات پر مشتمل یہ کتاب بھی کاروانِ فکرو ادب غذر نے شمس پرنٹرز ناظم آباد کراچی سے شائع کیا ہے۔

یاد رہے کہ ان کتابوں کے ساتھ اب تک ان کی پانچ کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ جناب عبدالکریم کریمی کی یہ کتابیں ملک بھر اور گلگت بلتستان کے تمام کتب خانوں میں دستیاب ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button