سیاست

اپوزیشن لیڈر کا عہدہ پاکستان پیپلز پارٹی کا حق ہے، حزب اختلاف کے اراکین سے جلد رابطے کریں گے، کابینہ اجلاس کے بعد اعلامیہ

گلگت(شمس الر حمن شمس) پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی کابینہ کا اجلاس آج  صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ کی زیر صدارت گلگت میں منعقد ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پیپلز پارٹی کا حق ہے۔کیونکہ پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے جسکی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھرپور نمائندگی ہے۔گلگت بلتستان میں نواز لیگ کی حکومت کے خلاف اپوزیشن نہ ہونے کی وجہ سے کرپش،لوٹ کھسوٹ،بدعنوانی، میرٹ کی پامالی،بدانتظامی اور گلگت بلتستان کے قومی اور اجتماعی معاملات پر آواز بلند کرنے کی اشد ضرورت ہے اسلئے ہم ذاتی طور پر تمام اپوزیشن اراکین سے یہ امید رکھتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر کےلیے پیپلزپارٹی سے تعاون کرینگے۔تاکہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے تحریک حق ملکیت اور حق حاکمیت، سی پیک اور دیگر امور میں علاقے کی بھرپور انداز میں نمائندگی کی جاسکے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ چند دنوں میں اپوزیشن اراکین سے رابطوں کا سلسلہ شروع کیا جائےگا۔اور باضابطہ طور پر مذاکرات کئے جائیں گے۔اجلاس میں الیکشن کمیشنر سے مطالبہ کیا گیا کہ نومنتخب رکن اسمبلی جاوید حسین کا نوٹیفکیشن جلد ازجلد جاری کیا جائے۔تاکہ وہ آنےوالے اجلاس میں حلف اٹھاسکیں۔

اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ شیڈول 4 پر فوری طور پر نظرثانی کیا جائے۔اور تمام سیاسی،دینی رہنماؤں اور کارکنوں کو نکالا جائے اور جو جماعتیں جمہوری نظام پر یقین رکھتی ہیں انہیں شیڈول 4 سے آزاد کیا جائے۔تاکہ جمہوری نظام پروان چڑھ سکے۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں نواز شریف فوری مستعفی ہو کر کس غیر پانامہ زدہ رکن اسمبلی کو وزیر اعظم نامزد کریں۔تاکہ جمہوریت کا تسلسل جاری رہ سکے۔حکمران جماعت جے آئی ٹی کو متنازعہ بنا کر سیاسی شہید بننے کی کوشش کرنے کے بجائے موجودہ بحران سے نکلنے کے لیے پیپلز پارٹی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے متبادل وزیر اعظم نامزد کرے۔

اجلاس میں ہزہائنس آغا خان کی ڈائمنڈ جوبلی پر پوری دنیا میں اسماعیلی کمیونٹی خصوصا گلگت بلتستان  کے اسماعیلی بھائیوں اور بہنوں کو مبارک باد دی گئی۔اور پرنس کریم آغا خان کی صحت اور درازی عمر کےلیے دعا بھی کی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button