اہم ترین

گلگت بلتستان میں اسماعیلیوں نے ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا آغاز کردیا

ہنزہ (ذوالفقاربیگ ) گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع ہنزہ میں بھی شیعہ امامی اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا ہزہائیں نس پرنس کریم آغا خان کی امامت کا ڈائمنڈ جوبلی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا ۔ہنزہ بھر کے عبادت گاہوں کو بجلی کے قمقموں سے سجایا گیاتھا اور پہاڑوں پر چراغاں کرکے اسماعیلیون نے اپنے روحانی پیشوا کے ساتھ محبت کا اظہار کیا۔ ہنزہ بھرکے عبادت خانوں سمیت مختلف علاقوں میں محافل کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام نے پرنس کریم آغاخان کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پرنس کریم آغاخان کا پاکستان سمیت دنیا بھر میں شعبہ تعلیم ،صحت ،کلچر،امن و اخوت کے فرووغ کیلئے کردار قابل تقلید ہے ۔ دنیا بھر میں آغاخان نیٹ ورک نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں اُن کے خدمات کو حکومتی سطح پر آئیڈیل ماناجاتا ہیں ۔ آغاخان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے عظیم کارناموں نے پاکستان اور گلگت بلتستان میں معیار زندگی پر شاندار اثرات مراتب کئے ہیں ۔ پرنس کریم آغاخان اسلامک ہیرٹیج کی بحالی اور پرموشن میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ۔ہنزہ میں تعلیم کو عام کرنے میں پرنس کریم آغاخان نیٹ ورک نے اہم رول اداکیاہے اور کرتا رہے گا ۔پرنس کریم آغاخان کو تمام مسالک کے افراد عقیدت کی حد تک چاہتے ہیں یہ سب اُن کے حسن سلوک کا اثر ہے ۔

گوجال (نمائندہ خصوصی) ضلع ہنزہ کے بالائی علاقے گوجال کے ہر گاوں میں یوم امامت اور ڈائمںڈ جوبلی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ ششکٹ، گلمت، غلکن، پھسو، شمشال، مورخوں، سوست، مسگر اورچپورسن سمیت تمام علاقوں میں مجالس اور محفلیں منعقد ہوئیں، جن میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقعے پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا، جن سے واعظین اور دیگر مذہبی سکالرز نے خطاب کیا۔ تحصیل ہیڈکوارٹر گلمت میں معمول کی مجلس کے علاوہ محلہ چمنگل میں نوتعمیر شدہ جماعتخانے کی شاندار عمارت کا افتتاح بھی کیا گیا۔ شام کو پہاڑوں پر چراغاں کیا گیا، اور جشن کا سماں پوری وادی پر چھایا رہا۔

غذر (دردانہ شیر سے) شیعہ امامی اسماعیلی مسلمانوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغاخان کی 60 ویں تخت نشینی امامت کی سالگرہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جبکہ اس موقع پر ڈایمنڈ جوبلی کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔

اس حوالے سے غذر کی چاروں تحصیلوں کے جماعت خانوں میں اسماعیلی ریجنل کونسل کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی اور اس اہم دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پرنس کریم آغاخان کی انسانیت کے لئے کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی اور دنیا بھر خصو صا پاکستان کے لئے ہز ہائنس پرنس شاہ کریم الحسینی کی خدمات کو سراہتے ہوئے مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تعلیم صحت ،اور معاشی انقلاب میں آغاخان ڈولپمنٹ نیٹ ورک نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس دوران امت مسلمہ پاکستان کی سلامتی وبقاکے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اسماعیلی مسلمانوں کے روحانی پیشوا پرنس شاہ کریم الحسینی 1957میں شیعہ امامی اسماعیلی مسلمانوں کے 49ویں امام کی حیثیت سے جلوہ افروزہوئے تھے امامت کے 60سال پورے ہونے پر اسماعیلی مسلمان پوری دنیا میں نہ صرف تخت نشینی امامت پورے عقیدت و احترام سے مناتے ہیں بلکہ امامت 60کے ساتھ سال پورے ہونے پر ڈایمنڈ جوبلی کی تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا ہے ۔

یاسین (معراج علی عباسی سے ) ضلع غذر کے تحصیل یاسین میں ہزہائی نس پرنس کریم آغاخان شاہ کریم الحسینی کی0 6 ویں یوم امامت اور ڈائمنڈجوبلی کوشانداطریقے سے منایا گیا ۔ یاسین کے مختلف جماعت خانوں میں تقریبات ہزاروں لوگوں نے کی شرکت۔ یاسین کے تمام جماعت خانوں میں نماز فجرکے بعد پاکستان کی سلامتی اور قوم کی اتحاد و اتفاق کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔طلوع آفتاب کے ساتھ ہی یاسین کے تمام جماعت خانوں میں مجالس اور محافل منعقد ہوئیں، جن میں پرنس کریم آغا خان کے عالم اسلام اور عالم انسانیت کے لیے خدمات اور خاص کر دنیاکے پسماندہ ممالک کے غربت ذدہ علاقوں میں قائدانہ ترقیاتی کاموں پر انہیں خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقعے پر یاسین کے چارمرکزی جماعتخانوں میں طلباء کے درمیان قرات قرآن ،گنان (منقبت) اور تقریروں کے مقابلے ہوئے۔

سہ پہرکوامامت کے سالگرہ کی مناسبت سے یاسین شاہی پولوگروندمیں ایک بہت بڑی تقریب منعقدہوئی، جس میں یاسین میں بسنے والے تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممبرقانون ساز اسمبلی راجہ جہانذیب تھے۔ جبکہ سابق ممبرقانون ساز اسمبلی و سینئرنائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن غلام محمد، صدر اسماعیلی ریجنل کونسل گوپس یاسین علیم جان سمیت اسماعیلی کونسلات اور دیگر ادارون کے زمہ دارن کے علاوہ یاسین میں بسنے والے تینوں اسلامی فرقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کیا۔

تقریب سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ ہزہائی نس پرنس کریم آغاخان کی امامت کی ڈائمنڈجوبلی تقریبات کو یاسین میں بسنے والے تینوں فرقوں کے لوگ مل کر منائینگے۔ مقررین نے پرنس کریم آغاخان کو انسانیت کے لیے پیش کردہ خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ بعد میں یاسین شاہی پولوگرونڈمیں ایک یاسین کے پولوکھیلاڑیوں نے ایک دوستانہ میچ بھی کھیلا اور لوگوں نے دیسی بینڈکے تال پر خوب رقص کیا۔اس موقع پر یاسین بھرمیں موجود تمام جماعت خانوں کو دلہنوں کی طرح سجایا گیا تھا۔ ہرجماعت خانے میں ظہرانے کا انتظام بھی کیاگیاتھا۔

سکردو سے (نمائندہ خصوصی) بلتستان ڈویژن کے ہیڈکوارٹر سکردو میں واقع جماعت خانے میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہر کے معززین اور سماجی و سیاسی رہنماوں ںے خصوصی طور پر شرکت کی، اور ڈائمنڈ جوبلی کا کیک کاٹا۔

گلگت شہر سے (نمائندہ خصوصی) ضلع گلگت، بشمول دنیور، جماعتخانہ بازار، کونوداس، خومر، ذولفیقار آباد، سونی کوٹ، جوٹیال، اوشکھنداس اور نومل، کے تمام جماعتخانوں میں سالگرہ اور ڈائمنڈ جوبلی کی مناسبت سے محفلوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان پروگرامز میں ہزاروں کی تعداد میں اسماعیلیوں نے شرکت کی۔

تمام اضلاع میں یومِ امامت کی مناسبت سے رنگارنگ تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقاریب کے دوران ڈائمںڈ جوبلی کا جشن منا کر خوشیوں کو دوبالا کیا جارہا ہے۔ ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات اگلے سال تک جاری رہینگی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button