سیاست

ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل ڈیموکریسی کے بجائے میریٹوکریسی میں مضمر ہے، ونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) فرداد علی شاہ 

چترال (نذیرحسین شاہ نذیر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) فرداد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل ڈیموکریسی کے بجائے میریٹوکریسی میں مضمر ہے جس میں سروں کو گن کر حکمران مقرر کرنے کی بجائے خالصتاً میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر حکومت کا زمام کار ان لوگوں کے ہاتھوں میں دیا جائے جو مقابلے کے امتحان کے ذریعے سب سے ذیادہ قابل ثابت ہوں جبکہ اس بات میں شک کی کوئی گنجائش نہیں رہی کہ اس ملک میں جمہوریت بری طرح ناکام ہوگئی ہے اورجمہوریت کی بنیاد پر قائم نظام میں روز بروز بہتری کی بجائے ابتری آرہی ہے۔ چترال پریس کلب میں ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے میریٹوکریسی کے نام سے ایک نئی مجوزہ طرز حکومت کی خدوخال بیان کرتے ہوئے کہاکہ اس نظام میں ملک کی سطح پر میرٹ پر حکمران چنے جائیں گے جس میں مطلوبہ اوصاف ہوں گے اور وہ اس نظام کو چلانے کی پوری پوری اہلیت رکھے گااور میرٹ کے بل بوتے پر برسراقتدار آنے کی وجہ سے وہ کسی کی خوشنودی حاصل کرنے کی خاطر کوئی ماورائے دستور کام نہیں کرے گاا ور نہ ہی میرٹ کو پامال کرنے کاسوچ سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سسٹم میں بنیادی طور پر صدارتی طرز حکومت قائم ہوگی اور میرٹ پر صدر کی تقرری کے بعد وہ میرٹ پر مرکز اور صوبے میں حکومت تشکیل دے گا اور یوں پورا ملک میرٹ کی زریں اصول کی بنیاد پر چلائے جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہارکیا کہ وطن عزیز میں تمام خرابیوں کی جڑ سیاست دان ہیں جوکہ فی زمانہ بدترین کرپشن میں ملوث ہیں اور کرپشن کی زنجیریں وقت گزرنے کے ساتھ ملک کو جکڑتی جارہی ہیں جن سے خلاصی کا واحد حل میریٹوکریسی ہے ۔ ونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) فرداد علی شاہ نے کہاکہ دنیا کے مختلف ملکوں میں اس نوعیت کی طرز حکومت کی طرف قدم بڑہائے جارہے ہیں جہاں سیاست دانوں نے کرپشن اور لوٹ مار مچارکھی ہے۔ انہوں نے جمہوری طرز حکومت کو ملک کے لئے زہر قاتل قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس نظام میں غریب اور امیر کے درمیاں خلیج روز بروز بڑھتا جارہا ہے ۔ انہوں نے ملک بھر کے سیاستدانوں ، سیاسی مفکریں اور اہل دانش سے مطالبہ کیا کہ اس نظام کو ملک میں جاری کرنے کے لئے اس کا مکمل طور پر مطالعہ کریں اور اس کی نفاذ کے لئے طریقہ کار وضع کریں تاکہ وطن عزیز میں خوشحالی آئے اور غریبوں کو چین سے زندگی گزارنے کا موقع مل سکے۔ اس موقع پر شہر کے معززیں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن اور رہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جن میں سابق ڈی۔ جی ہیلتھ ڈاکٹر سردار الملک، سابق امیر جماعت اسلامی مولانا شیر عزیز، مولانا ہدایت الرحمن، پروفیسر شمس النظر، ڈاکٹر محبوب حسین اور دوسرے شامل تھے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button