جرائم

غذر پولیس کی کاروائی، بھاری مقدار میں دیسی شراب برآمد، تین منشیات فروش گرفتار

غذر(فیروز خان)ایس ایچ او سنگل علی زمان اور اس کی ٹیم کی کامیاب کاروائی۔مخبر کی اطلاع پر گرونجر میں شراب کے اڈوں پر چھاپہ۔ انسانی جانوں سے کھیلنے والے تین منشیات فروشوں کو دھر لیا۔بھاری مقدار میں شراب دیسی عرق ،خمیر اور عرق کشید کرنے والے آلات بر آمد۔ملزمان کے خلاف انسداد منشیات کے تحت مقدمہ درج ۔مذید تحقیقات جاری۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سنگل تھانے کے ایس ایچ او علی زمان اور اس کی ٹیم نے مخبر کی اطلاع پر گاؤں گرونجر کے تین گھروں پر چھاپہ مارا ۔چھاپے کے دوران تین ملزمان وصل خان ولد خوش محمد،احمد ولی ولد ہمت ولی اورمظفر حسین ولد مستعان شاہ کے گھروں سے بھاری مقدار میں دیسی شراب ،خالص عرق اور عرق کشید کرنے والے آلات کے علاوہ عرق کے لئے استعمال میں لائے جانے والا یوریا کھاد برآمد کر کے سنگل تھانے پہنچا دیا ۔اور تینوں ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 4 /3کے تحت مقدمہ درج کر نے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان گزشتہ کئی عرصے سے شراب بیچنے کے گھناؤنے دھندے میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ مضر صحت اشیاء اور یوریا ملا کر انسانی جانوں سے کھیلنے میں ملوث رہے ہیں۔چھاپہ مار ٹیم میں ایس ایچ او سنگل علی زمان کے علاوہ اے ایس آئی فرمان ولی ،حوالدار سلیم احمد،حوالدارریاض ثاقب،سپاہی،افتخار حسین،سپاہی نظیم شاہ،سپاہی محمد اکرام،سپاہی شاہ زیب،لیڈی کانسٹیبل ریحانہ اور ڈرائیور رحیم ولی جان شامل تھے۔

اس موقع پر ایس پی غذر محمد امیر نے ایس ایچ او سنگل علی زمان اور ٹیم کے دیگر ارکان کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کرتے ہوئے ایس ایچ او سنگل کو ہدایت کی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف مذید گھیرا تنگ کرے۔

سنگل پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کاروائی کرنے پر عوامی حلقوں نے ایس ایچ او سنگل اور اس کی ٹیم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button