معیشت

گلگت بلتستان میں کسی قسم کا کوئی ٹیکس برداشت نہیں کریں گے، دیامر یوتھ موومنٹ

چلاس(مجیب الرحمان)گلگت بلتستان میں کسی بھی قسم کا ٹیکس برداشت نہیں کریں گے۔حکومت ظالمانہ فیصلوں سے اجتناب کرے ورنہ دیامر یوتھ موومنٹ گلگت بلتستان کے تمام سیاسی مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاجی مظاہرے شروع کر ے گی۔واپڈا کے تعاون سے مختلف نالہ جات میں پانچ کلو میٹر میٹل روڈ بنایا جا رہا ہے۔ ٹھیکیدارروڈمیٹلنگ کا کام غیر معیاری اور انتہائی ناقص ہے۔فوری کمیٹی تشکیل دے کر معیاری کام یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار دیامر یوتھ موومنٹ کے راہنماؤں حاجی محمد جاوید،محمد ریاض،سیف اللہ،شبیر احمد قریشی،حبیب الرحمان،شاہ ناصر،سعید اللہ،اسلم چلاسی و دیگر نے اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ ویسٹ منیجمنٹ کی نئی گاڑیاں صرف گلگت شہر میں فراہم کی گئی ہیں،ان کا دائرہ کار چلاس تک بڑھایا جائے۔چلاس شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام انتہائی ناقص ہو چکا ہے۔توجہ دے کر چلاس کو مثالی شہر کا خواب پورا کیا جائے۔اجلاس میں مزید کہا گیا کہ دیامر میں فراہم کی جانے والی گندم کا معیار انتہائی خراب ہے۔گلے سڑے گندم کی فراہمی سے مختلف امراض پھیل رہے ہیں۔فلور ملوں میں گندم پسائی کے دوران پانی کی مقدار زیادہ استعمال کی جا رہی ہے جس سے آٹا جلد خراب ہو رہا ہے۔فلور ملوں میں آٹے کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے چیک اینڈ بیلنس کا نظام مؤثر بنایا جائے۔اجلاس میں کمشنر دیامر استور ڈویژن کی جانب سے دیامر میں ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل اور دیامر کی ترقی کے لئے اقدامات کو سراہا گیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button