کالمز

مولویت نہیں دینداری

تحریر: امیرجان حقانیؔ

واللہ ! مولویت درس نظامی سے فراغت کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ذہنیت ہے جو استحصالی ہے۔ مولویت زدہ استحصالی ذہنیت پر مشتمل افراد بہت قلیل ہیں لیکن جو ہیں وہ بااختیار ہیں۔اس بااختیار استحصالی ذہنیت سے ان کی برادری کے افراد ہی متاثر ہورہے ہیں۔ اور انہی کے ادارے برباد ہورہے ہیں۔ یہ ایک ایسی ذہنیت ہے جو کوئی کام ڈھنگ سے کرنے نہیں دیتی۔ میرا ایک دوست ہے جو عصری تعلیم یافتہ ہے لیکن کامل دیندار ہے۔ وہ ایک ادارہ چلاتا ہے۔ اس نے مجھے اپنے ادارے کی پوری تفصیلات بتائی کہ کس کسمپرسی میں کام شروع کیا تھا(لیکن ویژن کے ساتھ)۔ چند سالوں میں اس کے ادارے نے بہت ترقی کی۔ کئی کیمپس قائم کیے۔ آج ایک چھوٹے سے شہر میں اس کے دستخط سے ماہانہ اٹھائیس لاکھ روپے بمعہ تنخواہ ملازمین کو ادا کی جاتی ہے۔کئی غریب بچوں کو فری میں تعلیم بھی دے رہے ہیں۔ میرے دوست کی شکل و شبہاہت مکمل مولوی جیسی ہے لیکن اس کی ذہنیت میں استحصالی سوچ نہیں دینداری غالب ہے۔ اس کے تمام معاملات بھی دینی احکام کے مطابق ہیں۔اس کے ملازمین اس سے مطمئن ہیں۔ میں کئی ایسے اداروں کو جانتا ہوں، جن سے میری بے شمار عقیدت ہے۔ میں ان کے لیے کبھی کبھار فری میں خدمات بھی انجام دیتا رہتا ہوں بعض معاملات میں ۔وہ این جی اوز(خیراتی) ادارے ہیں یعنی ان کو بڑا تعاون بھی حاصل ہے۔ اس طرح کے اور بھی بہت سارے ادارے ہیں جن کے متعلق مکمل آگاہی رکھتا ہوں کیونکہ ان میں میرے قریبی احباب کام کرتے ہیں۔مجھے ان اداروں سے محبت ہے۔میری چاہت ہے کہ وہ ترقی کے منازل طے کرے لیکن انتہائی افسوس کیساتھ مجھے لکھنا پڑتا ہے کہ ان اداروں میں مولویت یعنی استحصالیت غالب ہے۔یہ ادارے اسی استحصالی ذہنیت کے لوگوں کے نرغے میں ہیں اس لیے پھلنے پھولنے کے بجائے سکڑتے جارہے ہیں۔ دین کے نام کی وجہ سے عام الناس بھی اعتماد کرتے ہیں لیکن چندبااختیار افراد پر مشتمل یہ استحصالی ذہنیت ان اداروں کو ترقی و عروج پر لے جانے کی بجائے تنزلی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ان اداروں کے کارپردازوں میں یہی ذہنیت پائی جاتی ہے اس لیے ان کا عملہ ان سے بہت شاکی ہے اور مناسب جگہ ملنے پر وہاں ایک گھنٹہ بھی رہنے کو تیار نہیں۔ ہمدردی کی وجہ سے میں نے ان استحصالی ذہنوں سے بیسویں دفعہ گزارش کی کہ آپ اپنے عملے کے ساتھ فیسلٹیٹر (تعاون کرنے والا) بن جائیں نہ کہ ڈکٹیٹر بن کر ادارہ کا بیڑہ غرق کریں۔ دین کے نام پر خود تو مزے کرو لیکن اپنے عملے کو جائز حق دینے پر بھی تیار نہ ہو، اس سے بڑا ظلم کیا ہوسکتا ہے۔کراچی میں میرا کوئی جاننے والا ہے۔ انتہائی دیندار اور دینی و عصری علوم سے مزین لائق ترین انسان۔ انہیں بیکن ہاوس جیسے تعلیمی اداروں میں پڑھانے کی آفر ہے لیکن ذہنی طمانیت نہ ہونے کی وجہ سے وہ وہاں اچھی تنخواہ کے باجود جوائن نہیں کرتے۔ ا ن کے تدین اور جذبے کو دیکھ کر میں نے کہا کہ پھر آپ کو فلاں(دینی وفلاحی اسکول) جوائن کرنا چاہیے تو ان کا جو رسپونس تھا وہ انتہائی حیران کن اورافسوسناک تھا۔ کہا کہ میرے اندر بھی یہ جذبہ غالب تھا تو میں نے وہ اسکول جوائن کیا۔ عربک ٹیچر کے طور پر سیلکشن ہوئی تھی، لیکن جب اس ادارے کے ذمہ دار کو معلوم ہوا کہ میں یونیورسٹی سے ڈگری ہولڈر ہوں تو پھر انہوں نے مجھے عربی کی بجائے انگلش، جنرل سائنس، اردو پڑھانے کو دیے۔ دو ماہ تک میں خاموشی سے پڑھاتا رہا۔ دو ماہ بعد میں نے عرض کیا کہ میری اپوائنمنٹ عربک کے لیے ہے۔ میں کوئی جانور نہیں کہ آپ اپنی مرضی سے یہ سارے مضامین پڑھوا لیں۔ اس تنخواہ پر میں اتنے مضامین نہیں پڑھا سکتا۔میں عربک ہی پڑھاونگا۔تو انہوں نے مجھے کہا کہ اگرآپ نے اس تنخواہ(چھ ہزار) پر یہ سارے مضامین نہیں پڑھانے ہیں تو آپ چلیں جائیں۔ پھر میں نے ان کواللہ حافظ کیا اور اگلے دن کسی اور اسکول جوائن کیا جہاں میری تنخواہ اٹھارہ ہزار ہے۔ تاہم پہلے والے ادارے نے دو ماہ اتنا سخت کام لینے کے باوجود بھی میری تنخواہ ادا نہیں کی بلکہ آج تک نہیں کی، اللہ ان کے ساتھ نمٹ لے گا۔وہاں تنخواہیں بھی وقت پر نہیں ملتی تھیں حالانکہ ان کے اکاونٹ میں بڑا پیسہ ہوتا اور طلبہ و طالبات فیسیں بھی وقت پر ہی ادا کرتے ہیں۔۔۔یہ ہے وہ استحصالی ذہنیت جو اس طرح کے عوامی ودینی بااعتماد اداروں کو تنزلی کا شکار بنالیتی ہے۔۔۔میرے پاس سینکڑوں واقعات ہیں اس قسم کی استحصالیت کے، جو کسی مناسب وقت پر احباب سے شیئر کی جائیں گی۔اللہ ہم سب کا حامی وناصر ہو۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button