گلگت(پ ر) گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے منعقدہ پہلی عالمی محفل حسن قرأت کا باقاعدہ آغاز ہوگیا،مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کا جم غفیر،عوام کا قرآن سے لگاؤ،دلی محبت اور دینی جذبے کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملا،سٹی پارک گلگت میں منعقدہ محفل حسن قرأت میں خصوصی طور پر شریک عالمی شہرت یافتہ قاری حضرات نے اپنی مخصوص اور خوبصورت آواز سے وام کے دلوں کو منورکیا اور عوام سے خوب داد حاصل کی۔ پر وقار تقریب کے مہمانان میں عالمی شہرت یافتہ قراء و جامعہ ازہر مصر کے مشہور و معروف قراء حضرات جن میں فضیلتہ الشیخ ڈاکٹر القاری ایمن عیسی حطیبہ المصری،فضیلتہ الشیخ ڈاکٹر القاری عادل البازی المصری اور فضیلتہ الشیخ ڈاکٹر القاری عبدلغفار المکاوی المصر شامل تھے نے اپنی پر سوز اور دلکش آواز سے شرکاء محظوظ کیا ، اس پروگرام میں اعلیٰ سول وعسکری حکام کے علاوہ عوام کا ایک جم غفیر شریک تھا جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام کا قرآن کے ساتھ کتنا لگاؤاور جذبہ ہے۔
محفل حسن قرأ ت کے انعقاد سے اخوت،بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے اورایسے پروگرام سے خطے میں امن کو مزید دوام دینے میں مدد ملے گی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن تھے ، ان کے ساتھ صوبائی کابینہ کے اراکین، پارلیمانی سیکریٹری اور ممبران گلگت بلتستان کونسل بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کہ ہمیں چاہیے کہ قرانی تعلیمات پر دل و جان سے عمل کریں اور معاشرے میں موجود برائیوں کے خاتمے کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
تقریب کے اختتام پر وزیر اعلی گلگت بلتستان او ر ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی جعفر اللہ خان نے مہمان قراء اور گلگت بلتستان کی جانب سے شرکت کرنے والے قاری حضرات میں شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان نے خصوصی طور پر اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ حاٖفظ کریم داد چغتائی کو عربی اور اردو میں نظامت کے فرائض بخوبی سرانجام دینے پر سراہا۔
تقریب کا انعقاد وزیر اعلی گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سیاحت و ثقافت کی جانب سے کیا گیا تھا، اس سلسلے کی دیگر تقاریب چلاس اور سکردو میں بالترتیب 27اکتوبر اور29اکتوبر کو منعقد ہونے جا رہی ہیں جس کے لیے انتظامات مکمل کر لیئے گئے ہیں۔
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔