وزیر اعلی کا دورہ دیامر مایوس کن، سکول کے بچوں‌کو جمع کر کے بڑا جلسہ کرنے کا ڈھونگ رچایا گیا، طیفور شاہ رہنما پیپلزپارٹی ضلع دیامر

چلاس(مجیب الرحمان)سینئیر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی دیامر استور ڈویژن طیفور شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا دورہ دیامر مایوس کن اور مکمل طور پر ناکام رہا۔بھاری اخراجات اور ریاستی مشینری کے استعمال کے باوجودگونر فارم جلسے میں مقامی عوام کی عدم شرکت وزیر اعلیٰ کے دورے کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیر اعلیٰ کے دورے کا مقصد محض آنے والے الیکشن میں نامزد امیدواروں کی پوزیشن بہتر بنانے کی ناکام کوشش تھی۔مگر ترقیاتی سکیموں کے اعلانات کا ڈھونگ رچا کر بھی کارکردگی ثابت نہ ہونے پر عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں مل سکا۔جلسوں میں جھوٹے اعلانات کئے گئے ان پر عملدرآمد نہ ہونے سے یہ اعلانات ان کے خلاف نفرت کا سبب بنیں گے۔دورے سے قبل اخبارات کی شہہ سرخیوں کے ذریعے داریل تانگیر ضلعے کے اعلان کا چرچا کیا گیا۔مگر داریل تانگیر کی عوام کے سامنے اعلان سے ہی قاصر رہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے دورہ دیامر کے موقع پر منعقدہ ایسے جلسے پیپلز پارٹی کا ایک ادنیٰ کارکن بغیر کسی تشہیری مہم کے کر سکتا ہے۔جلسوں میں سکول کے بچوں کو جمع کر کے جلسے بڑے دکھانے کی ناکام کوشش کی گئی۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments