خبریں

وزیراعلیٰ نے بٹو گاہ سے گٹی داس ناراں شاہراہ کے فوری سروے کی ہدایت دی

چلاس ( شہاب الدین غوری) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے دیامر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں دیامر کے چاروں وزراء حاجی جانباز خان ، حیدر خان، عمران وکیل اور ثوبیہ مقدم کے علاوہ کمشنر دیامر استور ڈویژن سید عبدالوحید شاہ ، سیکرٹری برقیات ظفر وقار تاج، چیف انجینئر دیامر استور ڈویژن بشارت اللہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران دیامر کے مجموعی ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی کے حوالے سےتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے حوالے سے صوبائی وزیر زراعت حاجی جانباز خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے دیامر کے مجموعی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے طویل اجلاس منعقد ہوئی جو انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔ وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے چلاس سے بذریعہ بٹو گاہ سے گٹی داس ناراں تک کی شاہراہ کی فوری سروے کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے درکار وسائل دینے کی یقین دہانی کا اعلان کردیا۔ بٹوگاہ سے گٹی داس تک کی شاہراہ کی تعمیر سے دیامر سے گلگت بلتستان کے لئے داخلے کے لئے تین شاہراہیں ہونگی۔ ۔شاہراہ قراقرم ، شاہراہ بابوسر ناراں اور اب شاہراہ بٹوگاہ کے تعمیر کے ساتھ ہی مزید سفری سہولتیں حاصل ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ضلع دیامر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی جن میں 24 انچ پلائپ لائن سکیم ، باب چلاس تا بازار سڑک ، سو بیڈ ہسپتال ، پچاس بیڈ چائلڈ اینڈ ویمن بلاک ہسپتال ، چلاس شہر کیلئے 8 انچ پانی کی سکیم ، داریل تانگیر میٹل روڈ ، آرمی پبلک سکول داریل اور تانگیر ، دونوں تحصیلوں میں سٹیڈیم کی تعمیر فوری مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں ۔انہوں نے کہا کہ دیامر کے تمام نالہ جات میں لکڑی کی پلوں کی جگہ آر سی سی پل تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جلد ضلع دیامر کا دورہ کرینگے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button