آئیے اپنی دنیا کو سمجھیں

پرندے گھونسلے کیوں بناتے ہیں؟

سبط حسن

عام طورپر ، پرندے بہار کے موسم میں گھونسلے بناتے ہیں۔ پرندوں کی ماں گھونسلے میں انڈے دیتی ہے۔ انڈوں سے بچے نکالے جاتے ہیں۔ جب تک بچے اپنا خیال خود رکھنے کے قابل نہ ہوجائیں، ماں ان کو کھاناکھلاتی ہے۔ ان کی حفاظت کرتی ہے۔

مختلف پرندے، مختلف قسم کے گھونسلے بناتے ہیں۔ زیادہ تر پرندے اپنے گھونسلے درختوں پر بناتے ہیں۔ درختوں پربنائے جانے والے گھونسلے کئی قسم کے ہوتے ہیں۔ کچھ تو بس تنکوں کو جوڑ کربیٹھنے کی جگہ سے زیادہ کچھ نہیں ہوتے۔ کچھ گھاس اور گارے سے بنائے جاتے ہیں اور ان کی شکل چھوٹے سے پیالے جیسی ہوتی ہے۔ کچھ تنکوں اور گھاس سے بُنے جاتے ہیں اور یہ تھیلی کی صورت میں درختوں سے لٹکے ہوتے ہیں۔ کچھ پرندے ، جیساکہ ہد ہد ، اپنے گھونسلے درختوں کے تنے میں سوراخ کرکے تیار کرتے ہیں۔

کچھ پرندے اپنے گھونسلے درختوں کی بجائے زمین پر بناتے ہیں۔ ان میں کچھ گھونسلے گو ل ہوتے ہیں اور انھیں گھاس اور تنکوں سے بنایا جاتاہے۔ کچھ پرندے بڑے گنبدجیسے گھونسلے بناتے ہیں۔ ایسے گھونسلے پتوں اور درختوں کی چھال سے بنائے جاتے ہیں۔ کچھ پرندے اپنے گھونسلے زمین میں سوراخ کھود کر بناتے ہیں اورپھر انھی سوراخوں میں انڈے دیتے ہیں۔ کچھ پرندے جو سمندر کے کناروں کے ساتھ رہتے ہیں، اپنے لیے گھونسلے نہیں بناتے۔ وہ بس زمین پر تھوڑی سی جگہ صاف کرکے وہاں انڈے دے دیتے ہیں۔ کچھ پرندے جو کنکریوں والے ساحلوں پر رہتے ہیں، کنکروں پر جگہ بنا کر انڈے دے دیتے ہیں۔ ان کے انڈوں کا رنگ بالکل کنکریوں جیساہوتاہے۔اس طرح یہ انڈے دشمنوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ کچھ پرندے کھڑی چٹانوں(Cliffs) میں بنے سوراخوں میں انڈے دے دیتے ہیں۔ ان کے انڈوں کی شکل اس طرح کی ہوتی ہے کہ یہ سوراخوں سے باہر نہیں لڑھکتے۔ پانی میں رہنے والے کچھ پرندے اپنے گھونسلے پانی کے اوپر بناتے ہیں۔ وہ پانی میں اگنے والے پودوں کے ساتھ اپنے گھونسلے کو باندھ لیتے ہیں۔ اس طرح ان کا گھونسلاپانی کے اوپرٹھہرارہتاہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button