خبریں

نگر میں شہداء کر بلاء کے چہلم کے سلسلے میں مجالس و جلوسوں کا انعقاد

نگر ( اقبال راجوا) ضلع نگر اور ہنزہ میں شہداء کر بلاء کے چہلم کے سلسلے میں درجنوں امام بارگاہوں میں مجالس و جلوسوں کا انعقاد۔ اسسٹنٹ کمشنر نگر محمد شاہ رخ چیمہ کا تمام ضلعی اداروں کے ملازمین اور اعلیٰ اہلکاروں کو جلوس میں بہترین فرائض کی انجام دہی پر شاباش اور شکریہ۔

تفصیلات کے مطابق آج شہداء کر بلاء کے چہلم کے سلسلے میں سر حدی اضلاع نگر اور ہنزہ میں مختلف امام بار گاہوں سے مجالس و عزاداری کے درجنوں جلوس بر آمد ہوئے۔ سب سے بڑا جلوس مرکزی امام بار گاہ دارالخیر الکاظمین چھلت ٹاؤن سے بر آمد ہوا اور علمدار چوک پہنچا جہاں دیگر مختلف امام بار گاہوں سے آئے ہوئے درجنوں ماتمی دستوں نے علمد ار چوک راجہ بازار ٹاؤن چھلت پر ماتم داری کی اور نو بجے جلوس شاہراہ قراقرم ضلعی ہیڈ کوارٹر نگر کی جانب روانہ ہوا۔ دپہر نماز ظہرین تک ضلعی ہیڈ کوارٹر پہنچا جہاں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں او ر شرکاء جلوس نے نماز جمعہ ادا کیا۔ جبکہ شاہراہ قراقرم پر غلمت، سکندر آباد ،جعفر آباد، تھول ،مناپن اور پسن سے بھی جلوس بر آمد ہوئے اور نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد واپس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں مغریبین کی نماز تک اختتام پذیر ہو گئے۔ جب کہ پسن چوک اور نلت مرکز پر الگ الگ نماز جمعہ کے اجتماعات بھی ہوئے ۔

نماز جمعہ کے اجتماعات میں علماء کرام نے چہلم کربلا کی مناسبت سے مجلس و ماتم کی اور شہداء کربلاء کی شاندار قربانیوں کو یاد کیا ۔ علماء کرام نے چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر سر زمین کرب و بلا عراق میں اڑھائی کروڑ کا دنیا میں سب سے بڑے پر امن اجتماع کو امام حسین ؑ اور اس کے باوفا شہداء کربلا کے پیرو کاروں سے عشق قرار دیتے ہوئے آج کے عالم انسانئیت کے لئے درس عبرت اور معجزہ قرار دیا۔

علماء نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں صرف چند ہزار کے انسانی مجموعے کے لیئے بھی سیکورٹی کے حصارات بٹھا دیئے جاتے ہیں لیکن معجزہء عشق حسینی دیکھئے کہ اڑھائی کروڑ سے زائد انسانی اجتماع کے لئے جنگ آمیزعراق میں محض دو ہزار سیکورٹی اہلکار یا سادہ رضاکار تعینات کئے گئے ہیں یہ عشق حسین کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

نماز جمعہ کے اجتماعات میں علماء کے خطاب کے بعد عزاداروں نے جلوس چہلم کربلاء کا رخ اپنے گاؤں کے امام بار گاہوں کی طرف کیا اور نماز مغریبین تک تمام جلوس پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہو گئے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نگر نے تمام ضلعی اداروں کے سربراہان اور ملازمین کو چہلم امام حسینؑ کے جلوسوں پر اپنی فرائض کی بہترانجام دہی پر شاباش دی ۔ انہوں نے کے کے ایچ پر نکلنے والی تمام جلوسوں کی خود ہی نگرانی کی اور چہلم کے جلوس کے اختتام تک تمام جلوسوں کے بارے میں خبر بھی لیتے رہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button