بلاگزخواتین کی خبریں

گرل فرینڈ کی جینز اور بیوی کا دوپٹہ

’’پسند تو آپ کو جینز والی ماڈرن لڑکی بھی ہے تو کیوں اپنی بیوی سے نہیں کہتے کہ وہ آپ کی پسند کی خاطر جینز پہنا کرے وہی لائف سٹائل اپنائے جسے آپ باہر سراہتے پھر رہے ہیں، مگر آپ ایسا کریں گے تو آپ کی وہ غیرت جو بیوی کے دوپٹے کے ساتھ جڑی ہے اس کا کیا ہو گا؟ ‘‘ ثنا نقوی کی یہ تحریر ایک تلخ حقیقت کی ترجمانی  ہے۔  پڑھئیے اور مثبت سوچوں کو تقویت دیجئیے گا۔  وہ  لکھتی ہیں:

’’کسی ادیب نے خوب کہا ہے کہ مرد کو عورت کی صفات سے کوئی غرض نہیں اسے تو بس اس کا سراپا متاثر کرتا ہے وہ بیچاری خود کو سنوارتی نہ پھرے تو اور کیا کرے۔ بات تو بڑی پتے کی ہے اور روپ سنگھار اتارا بھی عورت کے لئے گیا اس کا حق بھی ہے مگر بات کریں مرد کی پسند نا پسند کی تو اس کا معیار یا پسند نا پسند کا پیمانہ گھر کی عورت اور باہر کی عورت کے لئے ہمیشہ مختلف ہی ہوتا ہے۔

مغربی حلیے میں کھلے بالوں کے ساتھ کوئی برانڈڈ سن گلاسس لگائے سڑکوں پر تیز رفتار گاڑی دوڑاتی عور ت مرد کو بہت متاثر کرتی ہے بشرطیکہ وہ اس کے گھر کی عورت نہ ہو۔ گرل فرینڈ اگر فون پر بات کرنے، باہر ملنے سے کترائے تو وقتی لبرل مرد جو آزاد سوچ کو گھر کی دہلیز سے باہر چھوڑ کرآتا ہے اسے قائل کرنے کے لئے طرح طرح کے دلائل پیش کرتا ہے کہ اس میں غلط ہی کیا ہے؟ آج کل تو یہ باتیں عام ہیں، باہر ملنے، کھانا کھانے میں کوئی مضائقہ نہیں اور اگر غلطی سے گھر کی کوئی لڑکی کسی ایسے کام میں شریک پائی جائے تو موسمی لبرل مردوں کی غیرت ابال کھانے لگتی ہے۔

اگر آپ کو لگتا ہے کہ عورت کی مردوں کے ساتھ دوستی باہر گھومنا پھرنا سب غلط ہے تو یہ ان عورتوں کے لئے غلط کیوں نہیں جن کو آپ آزاد سوچ، آزادی اور ان کے بنیادی حقوق کا لیکچردے رہے ہوتے ہیں؟ کیا آپ نے کبھی ان کویہ باتیں سمجھانے کی کوشش کی کہ آپ کی وجہ سے ان کے ماں باپ کی عزت داؤ پر لگی ہے۔ آپ روز ان کو پک اینڈ ڈراپ کریں گے کسی نے دیکھ لیا تو کیا کہے گا؟ ان کا کردار مشکوک ہو جائے گا، ان سے شادی کون کرے گا؟ نہیں نہیں، ان سے آپ یہ سب باتیں کیوں کہیں گے؟

یہ سب باتیں تو ان خواتین سے کہنے کی ہیں نا جو آپ کے گھر میں موجود آپ کی سوچ کے آگے سر خم تسلیم کرنے پر مجبور ہیں۔ جن کے خواب آپ کی غیرت کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں اور وہ آپ کے گھر عورت تھوڑی ہے، ہاں آپ نے اس کو گھر کی عورت بنانے کے خواب ضرور دکھائے ہوں گے، مگر المیہ تو یہ ہے کہ وہ عورت جو آپ کی وقتی محبت میں جلد گرفتار ہو جاتی وہ جانتی نہیں کہ شادی تو آپ اس سے کریں گے جسے آپ غیرت کا شوپیس بنا کر گھر کے کسی کونے میں سجا سکیں جسے ہر آنے جانے والا سراہتا رہے۔

پسند تو آپ کو جینز والی ماڈرن لڑکی بھی ہے تو کیوں اپنی بیوی سے نہیں کہتے کہ وہ آپ کی پسند کی خاطر جینز پہنا کرے وہی لائف سٹائل اپنائے جسے آپ باہر سراہتے پھر رہے ہیں، مگر آپ ایسا کریں گے تو آپ کی وہ غیرت جو بیوی کے دوپٹے کے ساتھ جڑی ہے اس کا کیا ہو گا؟

آخر یہ دوہرا معیار کیوں؟ عورت تو عورت ہے آپ کے گھر کی نہ سہی کسی کے گھر کی تو ہے اور وہ جن سے آپ اپنی عورتوں کومحفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہوتے ہیں وہ آپ خود ہی تو ہیں یہی سوچ یہی دوہرا معیار ہی تو ہے۔‘‘

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

Back to top button