خبریں

ناصر شیرازی کو رہا کرنے میں چیف جسٹس اور آرمی چیف اپنا کردار ادا کریں، آل پارٹیز پریس کانفرنس

سکردو (پ ر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے زیر اہتمام ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء سید ناصر عباس شیرازی کے اغواء کے خلاف آل پارٹیز پریس کانفرنس کا انعقاد پریس کلب اسکردو میں ہوا۔ جس کی صدارت ایم ڈبلیوا یم جی بی کے نائب سربراہ شیخ احمد علی نوری نے کی۔ آل پارٹیز پریس کانفرنس میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلتستان ڈویژن کے صدر سعید شگری،پاکستان تحریک انصاف جی بی کے رہنماء چیئرمین احمد علی، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء عبدا للہ حیدری ، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنماء حاجی منظور یولتر،جی بی یوتھ الائنس کے چیئرمین شیخ حسن جوہری، گلگت بلتستان تھنکرز فورم کے سپیکر حاجی ذرمست خان، بلتستان یوتھ الائنس کے رہنما علی شفاء سمیت درجنوں کارکنان شریک تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جی بی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ پریس کانفرنس ملک بھر میں ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کی جبری گمشدگی اور ماورائے آئین گرفتاریوں پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتی ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء سید ناصر عباس شیرازی کے اغواء کو ریاستی دہشتگردی اور آپریشن ردالفساد پر سوالیہ نشان قرار دیتی ہے۔ ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ناصر شیرازی سمیت دیگر جبری گمشدگان کا اغواء ماورائے آئین اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ پاکستان کی معزز عدلیہ کی بار بار اصرار کے باوجود مغوی کو عدالت میں پیش نہ کرنا عدالت کے ساتھ مذاق اور توہین عدالت کے مترادف ہے۔ ناصر شیرازی کو اغواء کر کے پنجاب حکومت نے ریاستی دہشتگردی کی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ لاہور کی اہم شاہراہ سے ایلیٹ فورس کی گاڑی میں آکرمسلح اہلکاروں کی جانب سے ناصر شیرازی کو اغواء کرنا اور اس پر حساس اداروں کی جانب سے لاعلمی کا اظہار جہاں ان اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے وہیں ملکی سا لمیت کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ اس عمل سے ثابت ہوتا ہے کہ پنجاب میں ریاستی اداروں کی رٹ یا تو مکمل طور پرختم ہو چکی ہے یا پنجاب حکومت کی ایماء پر ماورئے آئین و قانون عمل کرنے پر مجبور ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں انہیں فوری طور پر رہا کرنے میں چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف اپنا کردار ادا کرے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آئین پاکستان کی رو سے سیاسی جدوجہد تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت تمام مذاہب کا بنیادی حق ہے۔ یہ ملک ان تمام مذاہب و مسالک کے ہیں جنہوں نے تحریک پاکستان میں حصہ لیا اور آج پاکستان میں موجود ہیں۔ اقبال و جناح کے پاکستان میں نظریات کی بنیاد پر دیوار سے لگانے کی کوشش ملک دشمنی ہے۔ ہم ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کو ناکام بنا کر تمام مسالک و مذاہب کو انکی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ پاکستان کی عدالت عالیہ کو فرقہ وارنہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے نام نہاد وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو برطرف کر کے انہیں سخت سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پرامن علمائے کرام کو شیڈول فور میں ڈال کر برابری کی کوشش کی گئی ہے انہیں شیڈول فور سے نکالا جائے بلخصوص یمن جنگ میں آرمی کو دھکیلنے کی حکومتی کوشش کے خلاف احتجاج پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء شیخ نیئر عباس کو قید کرنا سراسر ناانصافی ہے، انہیں فورا رہا کیا جائے۔ عوام کی جان ، مال ، عزت و آبرو کی حفاظت اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے لہٰذا بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے لیے ریاستی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کو اسکی روح کے ساتھ نافذ کرکے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو عبرتناک سز ا دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں آئینی حقوق کے بغیر ٹیکس کا نفاذ غیر آئینی عمل ہے یہاں پر عائد تمام ٹیکسز کو واپس لے کر سٹیٹ سبجیکٹ رول سمیت متنازعہ خطے کے حقوق کو بحال کیے جائیں یا باقاعدہ آئینی حصہ بنایا جائے۔اورگلگت بلتستان میں خالصہ سرکار کی آڑ میں عوامی زمینوں پر قبضے کا سلسلہ ختم کیا جائے اور سی پیک میں جی بی کو بھی مناسب حصہ دیا جائے۔

 

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button