اہم ترینخبریںمعیشت

صوبائی اسمبلی کی قرارداد مسترد کرتے ہیں، پرنس کریم آغاخان کے دورے کے شیڈول کے بعد حکمت عملی کا اعلان کریں گے، ، انجمن تاجران و عوامی ایکشن کمیٹی

غذر: چیئرمین عوامی ایکشن کمیٹی مولانا سلطان رئیس ، انجمن تاجران گلگت بلتستان کے مرکزی صدر محمد ابراہیم نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ گاہکوچ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی نام نہاد اور عوام دشمن قرارداد کو مسترد کرتے ہیں۔ اس قرارداد میں گلگت بلتستان کے عوام کی حقوق کے ترجمانی ہرگز نہیں کی گئی ہے ۔ ٹیکسز پر نظر ثانی اور محصولات سے متعلق ترامیم کی قرارداد پیش کرکے صوبائی اسمبلی نے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے ۔ آج گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے عوامی ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کے عہدیداروں کو گلگت طلب کرلیا ہے ۔ آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر غور وخوص کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کل وزیر اعلی کی جانب سے ملاقات کااور مذاکرات کی دعوت مسترد کردی تھی ہم بے مقصد اور بے معنی مذاکرات سے وقت ضائع کرنے کے قائل نہیں ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار پورے گلگت بلتستان کے عوام تمام تر علاقائی لسانی ، سیاسی اور مسلکی تعصبات سے بالاتر ہوکر اپنے حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیںجو مینڈیٹ دیا ہے اپنی جان دیکر بھی اس مینڈیٹ روگردانی نہیں کرسکتے ہیں ۔ گلگت بلتستان کے عوام آج بھی محب وطن اور پاکستان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں ۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کے عوام دشمن فیصلوں اور متنازعہ علاقے میں غیر قانونی اور غیر آئینی ٹیکسز کے نفاذ نے صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے ملک کے مختلف صوبوں میں پاکستان مخالف تحریکیں چل رہی ہیں حکومت ان کے ساتھ مذاکرات کرنے اور گلے لگانے کے لئے جد وجہد کر رہی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے کے لے بے چین ہے اور وفاقی حکومت جی بی کے عوام کے جذبات کو دھتکارنے میں مصروف عمل ہے۔ حکومت جتنی دیر ٹال مٹول سے کام لے گی ان کی مشکلات میں اتنا ہی اضافہ ہوگا ۔ حافظ حفیظ الرحمان اور ان کی کابینہ عوامی مطالبات کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرنس کریم آغاخان کے دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر کسی بھی قسم کی بدمزگی نہیں چاہتے اور نہ ہی انہیں کوئی منفی تاثر دینا چاہتے ہیں اس سلسلے میں آج اسماعیلی ریجنل کونسلات کے صدور سے رابطے کئے جائیں گے اور ہز ہائنس کے دورے کے شیڈول کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران گلگت بلتستان اپنے حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر اقبال کے بیان کی کوئی حیثیت نہیں ہے ہم نے پہلے دن سے ہی صوبائی کابینہ کے وزرا سے کسی بھی قسم کی بات چیت کو مسترد کردیا تھا۔ ٹیکس کونسل کا سبجیکٹ تھا سو ہم نے ممبران کونسل سے بات چیت کرنے کو ترجیح دی ۔ صوبائی وزراء مفت میں کونسل ممبران کے ساتھ دم چھلے بن کر مذاکرات میں شامل ہوتے رہے لیکن ان کی مذاکرات میں کوئی حیثیت نہیں تھی ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی پر انڈین خفیہ ایجنسی را سے پیسے لینے کا بھونڈا الزام بھی لگایا گیا ہے یہ حکومت کے منفی ہتھکنڈے ہیں جس کے زریعے ایک پرامن عوامی احتجاج کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ہم انڈین ایجنسی سے پیسے لینے کے تمام تر الزمات کو مسترد کرتے ہیں اور حکومتی الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کرتے ہیں۔

انجمن تاجران غذر نے مرکزی قائدین کو غذر آمد پر خوش آمدید کہا اورٹیکس کے ایشو پر بھر پور ساتھ دینے کا بھی اعلان کیا ۔

عوامی ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کے وفد میں مولانا سلطان رئیس ، جنرل سیکرٹری فدا حسین ، مرکزی صدر انجمن تاجران گلگت بلتستان محمد ابراہیم ، جنرل سیکرٹری مسعود الرحمان ، راجہ میر نواز میر ممبر کور کمیٹی ، شبیر احمد صدر عوامی ایکشن کمیٹی ضلع دیامر ، حاجی دلدار حسین انجمن تاجران گلگت، غلام حسین انجمن تاجران گلگت شامل تھے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button