اہم ترینخبریں

دیامر: ٹھیکداروں کے خلاف کریک ڈاوّ ن کا آغاز ، بیس ٹھیکداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج ، تین گرفتار، تین نے گرفتاری کے ڈر سے کام کا آغاز کردیا

چلاس (رپورٹر ) دیامر انتظامیہ اور پولیس کا علاقے کے ترقیاتی عمل کو شل کر دینے والے، کام چور اور بدیانت ٹھیکداران کے خلاف عملی کریک ڈاوّ ن کا آغاز ، بیس ٹھیکداروں کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندراج ، تین ٹھیکیدار گرفتار ،تین ٹھیکیداروں نے گرفتاری کے ڈر سے کام کا آغاز کردیا جبکہ دیگر چودہ ٹھیکیداروں کی گرفتاری کے لئے پولیس کے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

تفصیلات کے مطابق دیامر میں قومی خزانے کو نقصان اور رفاہ عامہ میں بددیانتی، اور مجرمانہ غفلت ، دھونس اور لالچ کے ذریعے ترقیاتی انفراسٹریکچر کو شل کردینے والوں کو کڑے قانونی کاروائی کا سامنا کرنا ہوگا ۔ اس حوالے سے ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ دیامر ہدایت خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر دیامر ڈویژن سید عبدالوحید شاہ ،ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک اور ایس ایس پی دیامر کیپٹن (ر ) رائے محمد اجمل نے محکمے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور کام نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جس کا اچھا نتیجہ نکلا ،کئی ٹھیکیداروں نے گرفتاری کے خوف سے کام کا آغاز کیا ہےجبکہ دیگر کو گرفتار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر دیامر ڈویژن سید عبدالوحید شاہ ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک اور ایس پی دیامر رائے محمد اجمل کی بھرپور تعان کی وجہ سے دیامر میں ترقیاتی کام تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب دیامر میں ترقی کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے وہ نہیں رکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب اس ایکشن کے بعد دیامر میں کام حاصل کرنے کے بعد کام نہ کرنے کی روش کا خاتمہ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور کمشنر دیامر استور ڈویژن سید عبدالوحید شاہ کی قیادت میں حکومت گلگت بلتستان کی طرف سے دیامر کو ترقی یافتہ ضلعوں کے صف میں شامل کرنے کی ترجیح کو عملی جامہ پہنانے میں کوشاں ہیں۔

گزشتہ دنوں کمشنر دیامر استور ڈویژن کی سربراہی میں منعقد اجلاس میں ہوئے فیصلے کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک کی اور ایس پی دیامر کیپٹن (ر) رائے محمد اجمل نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو اس حوالے سے ہدایات جاری کیں جس باعث محکمہ تعمیرات چلاس کی مدعیت میں بیس ٹھیکداران کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہو چکے۔ جس کا بنیادی مقصد سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا کر تعمیراتی منصوبہ جات کو کھٹائی میں ڈال کر عوامی اہمیت کے منصوبوں کی افادیت کو سبوتاژکرنے والے عناصر کو قانونی سلوک کیلئے مجاز عدالتوں میں پیش کرنا ہے۔

یاد رہے عوامی حلقوں نے انتظامیہ اور پولیس کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے اس اطمینان کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی ہے کہ علاقے میں قانون کی بالادستی اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کیلئے جاری کوششیں انتظامیہ، پولیس اور محکمہ تعمیرات عامہ دیامر کی موثر اشتراک عمل اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button