نگر ( بیورو رپورٹ) ضلع نگر سے گزر کر ہنزہ جانے والے تمام عقیدت مندوں کے لئے ہر قسم کی سہولیات دینے کے لئے تمام اقدامات لئے جا چکے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نگرنوید احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام عقیدت مندوں جو ہز ہائینس پرنس کریم آغاخان کا دیدار کرنے ہنزہ جا رہے ہیں ان کو نگر کی حدود میں کسی بھی قسم کی سہولت کے لئے ڈپٹی کمشنرآفس میں کنٹرولروم قائم کیا گیاہے۔ عقیدت مندوں کوکسی بھی ضرورت میں اسی سینٹرسے رابطہ کر سکتے ہیں ۔ان کو کھانے پینے سمیت مناسب آرام کے لئے بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
انجمن حسینیہ نگر کی جانب سے پچاس رضاکاروں سمیت دو ایمبولیمسز بھی فراہم کردی گئی ہیں جو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر ان عقیدت مندوں کی خدمت کریں گے۔ ایک انسپکٹر اور موبائل میں پانچ پولس جوان کو کے کے ایچ پر چوبیس گھنٹے کی ڈیوٹی لگا دیا گیا ہے جو زیرو پوائنٹ نگر سے ناصرآباد پل تک اپنی ڈیوٹی پرماموررہیں گے۔آر ایچ سی چھلت،سول ڈسپنسری سکندر آباد اور غلمت ہسپتال میں سپیشل ایمرجینسی یونٹ قائم کئے گئے ہیں جہاں ہر یونٹ میں ایک ڈاکٹرسمیت عملہ ۲۴ گھنٹے ڈیوٹی پرہے اور کسی بھی صرتحال میں بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے لئے تیار بیٹھا ہے۔ ہیڈ کوارٹر میں ڈی سی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے لمحہ بہ لمحہ کی معلومات کے لئے سیکریٹری داخلہ کے دفتر سے رابطے میں ہے۔
ڈپٹی کمشنرنے مزید کہا کہ عقیدت مندوں کی خدمت کے لئے پورا نگر حاضرہے ۔کھانا پینا ہو یا کسی اور چیز کی ضرورت کسی بھی وقت ڈی سی آفس فون کر کے عقیدت مند مستفیدہوسکتے ہیں ۔ پولیس کو مختلف جگہوں پر ناکے لگا کر سیکورٹی کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ میں خود ان تمام معاملات کی نگرانی کر رہا ہوں تاکہ ہمارے نگر کی حدودمیں دور دراز کے علاقوں سے آنے والے مہمان زائیرین کی اچھی مہمان نوازی کی جاسکے ۔
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔