اہم ترینخبریں

چلاس شہر میں جاری تین روز ہ تبلیغی اجتماع اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا

چلاس(مجیب الرحمان) چلاس شہر میں جاری تین روز ہ روح پرور تبلیغی اجتماع اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع میں گلگت بلتستان چترال،کوہستان سمیت ملک کے دیگر شہروں سے لاکھوں افراد نے شرکت کی۔شرکاء اجتماع اسلام کی سر بلندی،عالم انسانیت کی ہدایت،امن و محبت،ملکی سلامتی،گناہوں کی معافی کے لئے گڑگڑا کر دعائیں مانگی۔اس موقع پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔

اختتامی دعا معروف مبلغ اسلام مولانا خورشید نے کروائی۔دعا سے قبل انہوں نے تبلیغ کے لئے جانے والی جماعتوں کو تبلیغ کی اہمیت اور ضرورت و آداب پر روشنی ڈالی اور ہدایات بھی دیں۔اس سے قبل انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے صدقے اسلام کی تبلیغ کا عظیم مشن امت کے حصے میں آیا ہے۔اس عظیم مشن کو جاری رکھنا دنیا و آخرت میں بھلائی کا سبب بنے گا۔ تبلیغ کا عظیم کام نہ صرف اپنی زندگی میں راحت و اطیمنان اور اللہ کی خوشنودی کا سبب بنے گا بلکہ پورے عالم انسانیت کی ہدایت کا ذریعہ بھی بنے گا۔انہوں نے کہا کہ آج مسلمان دین سے دوری کی وجہ سے پریشانی اور مصائب کا شکار ہیں۔ہمیں اللہ کو پانے کے لئے محنت اور قربانی اور توبہ استغفار کی ضرورت ہے۔اللہ کو تب پالیں گے جب ہم ایک لاکھ چوالیس ہزار انبیاء اور صحابہ کرامؓ والی محنت کو اپنا شعار بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی راہ میں صرف ہونے والا ایک لمحہ دنیا و مافیہا سے بہتر ہے۔انہوں نے صبر ،نرمی،تواضع ،حسن اخلاق اور دوسروں کو خود سے بہتر سمجھنے کی بھی تلقین کی۔

اس سے قبل اجتماع کے بیانات میں علمائے کرام نے دوسروں کے حقوق سلب کرنے ،سود ،غیبت ،ناحق قتل ،اور گناہوں سے بچنے کی تلقین کی۔علماء کرام نے خواتین کے حقوق کی ادائیگی پر بھی زور دیا۔

تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی سیکیورٹی اور سہولیات کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔جبکہ صحت سے متعلق سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے تھے۔ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک نے اجتماع میں بہترین سیکیورٹی انتظامات اوردیگر اداروں کی جانب سے خدمات پر تمام محکموں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اجتماع کے اختتام پر شرکاء کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button