اہم ترینخبریں

وزیر اعلی کی وزیر اعظم سے ملاقات، گلگت بلتستان کونسل کا اجلاس بلا کر ٹیکس کے معاملے پر عوامی امنگوں کے مطابق نظر ثانی کی جائیں گی

اسلام آباد(پ ر) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر امور کشمیر چوھدری برجیس طاہر سے اہم ملاقاتیں، گلگت بلتستان کے اہم مسائل پر پیش رفت۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے آئینی حقوق، ٹیکس اور گلگت بلتستان میں جاری میگا منصوبوں کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ چند روز میں گلگت بلتستان کونسل کا اجلاس بلا کر گلگت بلتستان میں ٹیکس کے معاملے پر نظر ثانی کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوامی امنگوں کے عین مطابق اصلاحات کی جائیں گی۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات میں گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حوالے سے زور دیتے ہوئے کہا کہ سابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی سربراہی میں بننے والی آئینی کمیٹی کی حتمی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کیلئے جلداقدامات کرنا انتہائی ناگزیر ہو چکے ہیں جس پر وزیر اعظم پاکستان نے وزیر اعلی کو یقین دھانی کروائی کہ کمیٹی کی سفارشات پر ضرور عملدر آمد کیا جائے گا۔ اس ضمن میں جلد تمام سٹیک ہولڈر ز سے حتمی مشاورت کی جائے گی جس میں گلگت بلتستان کی نمائندگی آپ کریں گے۔

وزیر اعظم نے گلگت بلتستان میں جاری میگا منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ تمام منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور گلگت بلتستان حکومت جس شفافیت کے ساتھ ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے یہ دوسرے صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان حکومت کی بھر پور معاونت جاری رکھے گی۔

بعد ازاں وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوھدری برجیس طاہر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں مختلف ایشیوز پر بات چیت اورٹیکس معاملے کے حل کیلئے گلگت بلتستان کونسل اجلاس جلد بلانے پر اتفاق رائے ہوا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button