گلگت(خصوصی رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں آئینی حقوق کے بغیر ٹیکسز کا نفاذ بھی غیر آئینی ہے۔انہوں نے گلگت بلتستان کے باشعور عوام کو غیر آئینی ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف کامیاب احتجاج پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ناکام لیگ کے جابرانہ اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔
اسکے علاوہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پورے ملک میں ایک ساتھ انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پورے ملک میں انتخابات ایک ساتھ کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ پیپلز پارٹی کے علاوہ اور کسی کو ووٹ نہیں دیتے تاہم وفاقی حکومت ان علاقوں میں بھی اپنی حکومت بنانے کیلئے وہاں کے انتخابات میں اپنا اثر ڈالتی ہے جس سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پورے ملک میں ایک ساتھ انتخابات کروائے جائیں۔
سیدخورشید شاہ نے گلگت بلتستان میں ٹیکس نفاذ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے احتجاج کرنے والوں کی حمایت کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو دیا کچھ نہیں جاتا مگر ان سے مختلف مد میں ٹیکسز لئے جا رہے ہیں جو کہ نامناسب ہے۔سی پیک میں بھی گلگت بلتستان کے لوگوں کو ان کا حق نہیں دیا جارہا ہے۔چونکہ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو ہمیشہ ترجیح دی ہے اور آئینی و انتظامی اصلاحات کی ہیں جس کی وجہ سے وہ پیپلز پارٹی کو چاہتے ہیں.
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔