گلگت بلتستان

غذر: داماس کے رہائشی محمد اقبال نے کئی کنال زمین فٹبال سٹیڈیم کے لئے مفت وقف کردی

غذر(ایم.ایچ.گوہر )ضلع غذر کے گاؤں داماس (کھوٹلکی) کے رہائشی محمد اقبال نے عوام دوستی کی انوکھی مثال قائم کر دی. اپنے ملکیتی کئی کنال مہنگی زمین علاقے میں فٹ بال اسٹیڈیم کی تعمیر کے لئے مفت وقف کرنے کے ساتھ ہی بھاری مشینری سے اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز بھی کر دیا. حکومت اور عوامی نمائندوں سے بار ہا مطالبات کئے مگر کسی نے یہاں کے عوام بلخصوص نوجوانوں کے مطالبات پر توجہ نہیں دی. علاقے میں گراؤنڈ کی عدم موجودگی سے یہاں کے نوجوان صحت مندانہ سرگرمیوں سے یکسر محروم تھے. اور نوجوانوں کی غیر صحتمندانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی شکایات آتی رہتی تھیں. محمّد اقبال نے اس اسٹیڈیم کا نام اپنے نام سے ہی اقبال اسٹیڈیم رکھا ہے. محمّد اقبال خود کاروبار کرتے ہیں اور ہمیشہ علاقے کے سماجی اور فلاحی کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں.

وقف کردہ زمین میں فٹبال کا میدان تیار کیا جارہا ہے

 انھوں نے اسٹیڈیم کی تعمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوۓ کہا کہ میرے والد جو اب حیات نہیں ہیں ان کی اور میری یہ دیرینہ خواہش تھی کہ ہمارے علاقے میں نوجوانوں کے کھیل کود کے لئے کوئی گراؤنڈ بنایا جائے. اس کے لئے علاقے کے نوجوانوں اور عوام نے بھی حکومت اور عوامی نمائندوں کی سطح پر کوششیں کئے مگر سود مند ثابت نہیں ہوۓ. بلاخر حکومت سے مایوس ہو کر میں نے اپنی مدد آپ کے تحت اس کام کا آغاز کر دیا ہے. انھوں نے کہا کہ اب تک اس گراؤنڈ کا ساٹھ فیصد کام مکمل ہو گیا ہے. اور امید ہے کہ آئندہ چند ماہ میں یہ کام مکمل ہو جائے گا. میری خواہش ہے کہ جیسے ہی اس گراؤنڈ کا کام مکمل ہو جائے تو یہاں ایک شاندار ٹورنامنٹ اور ثقافتی میلے کا اہتمام کیا جائے. جس میں ضلع بھر کے فنکاروں اور فٹ بال کی ٹیموں کو مدعو کیا جائے گا. تا کہ علاقے کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے نوجوان کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ سامنے آئے اور عوام کو تفریح کی سہولیات ملیں.  ایک سوال کا جواب دیتے ہوۓ اقبال نے کہا کہ انسان کا آگر ارادہ سچا اور مضبوط ہو تو کوئی بھی مشکل اس کو منزل تک پہنچنے سے نہیں روکتی. میرا ارادہ پکا اور نیت صاف ہے جس کی بنا پر مجھے یقین ہے کہ میں اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاؤنگا. اقبال نے مزید کہا کہ میں خاص طور پر میں اپنے بھائیوں اور چچا ہمت ولی خان کا مشکور ہوں جنھوں نے اس زمین کو عوام اور نوجوانوں کے لیے وقف کرنے میں میری کھل کر مدد کی.

ادھر علاقے کے عوام اور نوجوانوں نے محمّد اقبال کی اس کاوش کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوۓ کہا ہے کہ اقبال جیسے نوجوانوں کا عزم و ہمت معاشرے کے دیگر طبقات کے لئے بہت عظیم مثال ہے. اس مادی دور میں جہاں انسان دوسروں کے حصے کا رزق کھانے کی کوشش میں لگا رہتا ہے وہاں اقبال جیسے لوگوں کا علاقے میں نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی ترقی کے لیے کاوشیں یقیناً اپنی مثال آپ ہیں .ہر کام حکومت کے ذمے لگانے سے مسائل حل نہیں ہوتے. معاشرے کے پڑھے لکھے اور مخیر حضرات کو ایسے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے.

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button