صحت

حاملہ خاتون کی مدد کرنے بینظیر نامی کمیونٹی مڈوائف کئی گھنٹے پیدل چل کر ارندو پہنچ گئی

شگر(عابدشگری)سسیکو سے تعلق رکھنے والی بینظیر نامی کمیونٹی مڈوائف ارندو گاوں میں حاملہ خاتون کے لئے رحمت کا فرشتہ ثابت ہوئی۔ کئی گھنٹے پیدل چل کر گاوں پہنچی، اور زچگی کے دوران تکلیف میں مبتلا خاتون کی مدد کی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع شگر کے علاقے ارندو سے تعلق رکھنے والی ایک حاملہ خاتون زچگی کے دوران بچے کی پوزیشن درست نہ ہونے کی وجہ سے شدید تکلیف میں مبتلا تھی۔ اس پیچیدہ صورتحال کی اطلاع ارندو ڈسپنسری میں تعینات عملے نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شگر ڈاکٹر صادق شاہ کو دی، جنہوں نے سیسیکو میں تعینات کمیونٹی مڈوائف بنیظیر کو فوری طور پر خاتون کی مدد کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

بینظیر فوراً اپنے گاوں سسیکو سے پیدل ارندو روانہ ہوگئی۔ شدید سردی میں کئی گھنٹے چلنے کے بعد وہ ارندو پہنچ گئی اور بچے کی پیدائش میں خاتون کی مدد کی۔ رات کے ڈیڑھ بجے کے قریب خاتون نے بچے کو جنم دیا۔ اب زچہ اور بچہ دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ گاوں کے سارے لوگ اس صورتحال سے شدید پریشان تھے۔ زچہ اور بچہ کو خطرے سے باہر دیکھ کر وہ نہال گئے، اور کمیونٹی مڈوائف بینظیر کو دعائیں دینے لگے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اسی طرح کی ایک کیس میں ایک خاتون کو مقامی لوگوں نے کندھے پر اٹھاکر دو دن پیدل سفر کرکے سکردو پہنچایا تھا جس کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے نوٹس لیتے ہوئے قریبی گاؤں سیسکو کے ایم این سی ایچ سنٹر کو فعال کرتے ہوئے بینظیر کو بطور مڈوائف تعینات کیا تھا جبکہ وہاں کی ایل پی سی پر شگر چھورکاہ میں تعینات ایل ایچ وی کو سٹیشن واپس بھیجا تھا۔جس کے ثمرات اب باشہ کی خواتین کو ملنے لگی ہے۔ورنہ اس بار بھی مقامی لوگوں کو خاتوں کو کندھوں پر لاد کر شگر یا سکردو لانے کا پروگرام تھا۔

ارندو کے عوام نے انہیں تکالیف سے نجات دلانے والےان مثبت اور موثر اقدام پر سیکریٹری ہیلتھ گلگت بلتستان،ڈائریکٹرہیلتھ بلتستان ڈویژن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شگر کا شکریہ  ادا کیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button