مہلک منشیات کی تیاری میںاستعمال ہونے والی 30 ہزار لیٹر تیزاب سکردو سمگل کرنے کی کوشش ناکام
گلگت (مانیٹرنگ ڈیسک) اینٹی نارکوٹیکس فورس(اے این ایف )مانسہرہ نے سکردوسمگل کی جانے والی کروڑوں روپے مالیتی 30ہزار لیٹر سلفیورک ایسڈ قبضے میں لے کر دو ملزمان کو گرفتارکرلیاہے۔جبکہ فیکٹری کو بھی سیل کرکے تحقیقات کا دائرہ کاروسیع کردیاہے۔بتایاگیاہے کہ سلفیورک ایسڈ ہیروئن اوردیگرنشہ آورادویات کی تیاری میں استعمال کیاجاتاہے۔
ٹائمز انٹرنیشنل نیوز سروس نامی ویب سائٹ کی خبر کے مطابق گزشتہ روز اے این ایف ہزارہ ریجن کے انچارج انسپکٹر سہیل عمرگوندل اورٹیم نے کوٹلی پائن کے قریب ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک مزداگاڑی نمبر491ٹی اے بی کو روکااورتلاشی لی تواس میں سے سلفیورک ایسڈ سے بھرے ڈرم برآمد ہوئے۔جس پر مزداڈرائیوراوراس کے ساتھی دوافراد نصیراورعادل کو گرفتارکرلیاگیا۔
ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیاکہ یہ ’’مال‘‘ سینیٹر طلحہٰ محمود کی فیکٹری واقع مانسہرہ سے لوڈ کیاگیاتھااورسکردوپہنچایاجاناتھا۔سکردو میں ان کے ساتھی حسین اورعباسی نامی افراد کو یہ ’’مال‘‘ پہنچاناتھا۔
دونوں گرفتارملزمان کاتعلق مانسہرہ سے بتایاجاتاہے جنہو ں نے دوران تفتیش یہ بھی انکشاف کیاہے کہ قبل ازیں بھی وہ یہ ممنوعہ ایسڈ سپلائی کرتے رہے ہیں۔
اے این ایف ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کی نشاندہی پر مجموعی طورپر30ہزارلیٹرسلفیورک ایسڈ قبضے میں لے لیاگیاہے جس کی مالیت 22کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا دائرہ کاروسیع کردیاگیاہے۔