Uncategorizedعوامی مسائل

صحت کی سہولیات سے محروم تحصیل اشکومن میں‌ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری، مسائل حل کروانے کی یقین دہانی

اشکومن(کریم رانجھا) ؔ ڈپٹی کمشنر غذر کی کھلی کچہری ،عوام نے مسائل کے انبار لگا دئے ،بعض مطالبات پر ڈی سی نے موقع پر احکامات جاری کردئے ۔اس موقع پر مختلف محکمہ جات کے ضلعی سربراہان بھی موجود تھے۔کھلی کچہری کے بعد سول ہسپتال چٹورکھنڈ اور کالج کا دورہ بھی کیاگیا۔اس موقع پر عوام علاقہ کی جانب سے مسائل بیان کرتے ہوئے چئیرمین ایکشن کمیٹی سید مدد شاہ نے کہا کہ اشکومن کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جارہا ہے،سرکاری محکموں میں سفارش کے زور پر بھرتیاں ہو رہی ہیں ،گاہکوچ اشکومن روڑ کھنڈر بن چکا ہے،ہسپتال میں لیڈی میڈیکل آفیسر موجود نہیں ،محکمہ جنگلا ت اور محکمہ امور حیوانات برائے نام کے محکمے ہیں اور ان کی کارکردگی صفر ہے۔اشکومن ضلع کا سب سے بڑا تحصیل ہے اور اس کی حدیں بین الاقوامی سرحدوں سے ملتی ہیں اس لحاظ سے یہ حساس ترین تحصیل ہے لیکن اس کے باوجود ترقی کے معاملے میں یہ علاقہ سب سے پیچھے ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی نے اپنے دورے کے موقع پر ایمت کو نیابت کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا۔برگل ،فمانی اور ہاسس کے دوبارہ اشکومن کے ساتھ شامل کیا گیا ہے ،ان مواضعات کو ان کے حقوق کے ہمراہ اشکومن میں شامل کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔محکمہ تعلیم نے مفت کتابوں کے نام پر طلبہ کے ساتھ سنگین مذاق کیا۔علاقے کے عوام کو محکمہ خوراک ناقص گندم مہیا کررہی ہے۔سرکاری محکہ جات میں گریڈ 5تک کی آسامیوں پر مقامی سطح پر بھرتیاں کی جانی چا ہئے۔سول ہسپتال چٹورکھنڈ کی اپ گریڈیشن کے لئے دس کنال اراضی دستیاب ہے متعلقہ محکمہ اس کی فوری تعمیر کے سلسلے میں مناسب اقدامات کرے ۔اس موقع پر عوام نے اپنے اپنے علاقوں کے مختلف مسائل بیان کئے اور کہا کہ متحرک اور حقوق کا مطا لبہ کرنے والے افراد پر اے ٹی اے لگا یا جاتا یا شیڈول فور میں ڈالا جاتا ہے جو دہشتگردوں کے لئے بنا ہے۔غذر شہداء کی سرزمین ہے اور یہاں کا بچہ بچہ پاکستان پر جان نچھاور کرنے کے لئے تیا ر ہے۔حقوق کا مطالبہ کرنا آئینی و قانونی حق ہے۔

ڈپٹی کمشنر غذر نے بعض مطالبات پر فوری احکامات جاری کر دئے اورمسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حقوق کے حصول کے لئے احتجاج عوام کا حق ہے لیکن روڈ بلاک کرنا یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ مختلف محکموں کے ذمہ داران نے بھی اپنی کارکردگی اور علاقے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پراگریس پیش کی۔بعد ازاں تحصیل آفس کے احاطے میں ڈپٹی کمشنر غذر ودیگر حکام نے پودے لگاکر شجر کاری مہم کا بھی افتتاح کیا ۔ڈی سی غذر نے سول ہسپتال چٹورکھنڈ اور زیر تعمیر کالج کا بھی معائنہ کیااور موقع پر احکامات جاری کئے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button