صحت

چلاس:‌ اُنیس مارچ تک ہسپتال میں گائنا کالوجسٹ کی تعیناتی نہیں ہوئی تو شدید احتجاج کریں‌گے، دیامر یوتھ موومنٹ

چلاس(مجیب الرحمان)ہسپتال میں گائنا کالوجسٹ کی عدم موجودگی ناقابل برداشت،ماؤں کے ارمانوں کا خون ہوتا مزید نہیں دیکھ سکتے ہیں۔انیس مارچ تک گائنی کالوجسٹ سمیت دیگر ڈاکٹرز تعینات نہیں کئے گئے تو بھر پور احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیں گے۔ان خیالات کا اظہار دیامر یوتھ موومنٹ کے راہنماؤں شبیر احمد قریشی،شریف شاہ ،شاہ ناصر،فیاض الحق،عابد حسین،رحمت شاہ،اجمل بھٹی،فضل الحق،طاہر ایڈوکیٹ،ادریس سالک ودیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے چلاس ہسپتال میں گائنی کالوجسٹ،چائلڈ سپیشلسٹ،اور دیگر ڈاکٹرز جو چلاس ہسپتال سے تنخواہیں لے رہے ہیں مگر ڈیوٹی نہیں کر رہے ہیں۔جس کی وجہ سے علاج معالجہ میں دشواری کا سامنا ہے اور عوام دور دراز کے شہروں میں جانے پر مجبور ہیں۔گائنی کالوجسٹ کی عدم موجودگی کی بناء پر زچہ بچہ کی زندگی خطرے سے دوچار ہے۔کئی مائیں دور دراز شہر کے ہسپتالوں تک پہنچنے تک جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے۔اس وقت تک چین سے نہیں رہیں گے جب تک ہسپتال کے ڈاکٹرز پورے نہ کئے جائیں۔ہسپتال میں صفائی کا نظام بھی تسلی بخش نہیں ہے ۔جس کی وجہ سے مریض اور لواحقین کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ہسپتال میں ایمرجنسی ادویات کی بھی قلت ہے۔جس کی وجہ سے ایمرجنسی کیسز کے دوران ادویات باہر سے منگوانے تک مریض موت کے منہ میں جا نے کا خدشہ ہوتا ہے۔نائٹ ڈیوٹی کے دوران سینئیر ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔اکثر ایمر جنسی کیسز جونئیر ڈاکٹرز ڈیل کرتے ہیں۔ہسپتال کے زیر تعمیر فیمیل اور چائلڈ ونگ کی تعمیر مکمل اور فوری فنکشنل کیا جائے۔ان راہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ مطالبات کے حق میں انیس مارچ کو احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔جس کے بعد اگلے لائحہ عمل کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button