کھیل
شیخاندہ چترال میں جاری سپورٹس ٹورنامنٹ اختتام پذیر
چترال ( محکم الدین ) انٹر نیشنل سپورٹس ڈے فار ڈویلپمنٹ اینڈ پیس کے موقع پر بمبوریت کے مقام شیخاندہ میں شروع کیا جانے والا ٹورنامنٹ گذشتہ روز اختتام پذیر ہوا ۔ اختتامی میچوں کے مہمانان خاص پاک آرمی کے میجر قاسم ،رہنما پاکستان تحریک انصاف چترال شہزادہ امان الرحمن اور صدر تجار یونین چترال شبیر احمد تھے ۔ جبکہ بڑی تعداد میں تماشائیوں اور علاقائی معززین نے شرکت کی ۔ یہ ٹورنامنٹ اطالوی حکومت کے مالی تعاون سے پاکستان غربت مکاؤ فنڈ کے تحت آغاخان رورل سپورٹ پروگرام چترال کے زیر انتظام ایون اینڈ ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام ( اے وی ڈی پی ) کی سہولت کاری سے منعقد کیا گیا ۔ 6اپریل کے روز سپورٹس ڈے کے موقع پر کھیلوں کی اہمیت اُجاگر کرنے کے حوالے سے ایک واک کا انعقاد59کیا گیا ۔ جس میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ۔ کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیل انتہائی اہمیت رکھتے ہیں ۔ یہ نوجوانوں کو صاف ستھری تفریح مہیا کرتے ہیں ۔ اور انسانی جسم کو تندست اور توانا رکھنے کیلئے ورزش کی ضرورت پوری کرنے میں مددگار ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں مقامی کھیلوں کی ایک تاریخ ہے ۔ اور ریاستی دور سے لے کر آج تک چترال کے لوگ اپنے ان قدیم کھیلوں سے والہانہ محبت رکھتے ہیں ۔ اور اُنہیں کھیلنے میں فخر محسوس کرتے ہیں ۔ جن میں پولو ، بز کشی ، کُشتی ، رسہ کسی ،پہاڑی دوڑ ، گُھڑ دوڑ اور کالاش ویلی کا مخصوص کھیل (پگ گاڑ )جو سردیوں میں برف پر کھیلی جاتی ہے سمیت ا ن گنت کھیل شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ان کھیلوں کا ہمارے تہذیب و تمدن سے انتہائی گہرا تعلق ہے ۔ اگر یہ کھیل ختم ہو جائیں ۔ تو ہماری ثقافت بالکل ادھوری رہ جائے گی ۔ اور چترال کی ثقافت کی بہت بڑی پہچان ان ہی کھیلوں کے وجود سے ہے ۔ مقررین اور کھلاڑیوں نے اس عزم کا اظہار کیا ۔ کہ جو کھیل عدم توجہ کی وجہ سے معدوم ہو چکے ہیں ۔ اُن کو دوبارہ زندہ کرنے کی کو شش کی جائے گی ۔ تاہم انہوں نے حکومت اور مقامی غیر سرکاری اداروں سے اپیل کی کہ ان کھیلوں کے انعقاد میں اُن کے ساتھ تعاون کیا جائے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ کھیلیں چترال اور خصوصا کالاش ویلیز میں سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ اس لئے ان کھیلوں کو کیلنڈر ایونٹس قرار دینے کی ضرورت ہے ۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر مہمانان خصوصی میجر قاسم ،شہزادہ امان الرحمن اور شبیر احمد نے کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اور بہتریں کھیل پیش کرنے پر اُن کی تعریف کی ۔ ٹورنامنٹ میں فٹ بال اور کرکٹ کافائنل میچ شیخاندہ رمبور نے جیت لی ۔ جبکہ والی بال کی ٹرافی شیخاندہ بمبوریت کے حصے میں آیا ۔