تعلیم

نگر میں ویلج لیول پر مادر لٹریسی سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ۔

نگر: جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر نگر نوید احمد کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ویلج لیول پر مادر لٹریسی سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن سمیت دیگر حاضر سروس اورریٹائرڈ شعبہ تعلیم کے ماہرین نے کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس کے شرکا کی طرف ضلع نگر کے تعلیمی معیار میں بہتری لانے کے لیئے متعدد تجاویز پیش کی گئیں اور ان میں سے کچھ تجاویز پر فی الفور عملدرآمد کی متفقہ طور پر سفارش کی گئی۔

شرکا کا کہنا تھا کہ ضلع نگر کے طالبعلموں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس وقت یہاں کے رہائش پذیر افراد کی ایک بڑی تعداد ملک کے مختلف حصوں میں مختلف بڑے عہدوں پر اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔اگر آج کے موجودہ طالبعلموں پر بھی مناسب توجہ مبذول کی جائے تو وہ بھی اعلی عہدوں پر فائز ہو کر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع کے تعلیمی معیار میں بہتری لانے کے لیئے والدین کا قلیدی کردار ہوتا ہے اور اس حوالے سے ہمیں بچوں کیساتھ ساتھ والدین کا بھی مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نگر کا کہنا تھا بچوں کی تعلیم و تربیت میں والدین اور بالخصوص ماؤں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے جس کے لیئے ہمیں ماؤں کی تربیت پر بھی توجہ دینی چاہیئے۔ ان کا اس حوالے سے تجویزپیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کیوں نا ہم ضلع نگر میں مادر لٹریسی سنٹر قائم کریں جہاں پر شام کی کلاسز میں فی میل ٹیچرز کی طرف سے گاؤں لیول پر بچوں کی ماؤں کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر کی پیش کردہ تجویز پر تمام شرکا نے اتفاق کرتے ہوئے ان مادر لٹریسی سنٹرز کے قیام کی تائید کی اور اس تجویزکو نہایت ہی مثبت تجویز قرار دیا۔

مادر لٹریسی سنٹر ز کے قیام کے حوالے سے ڈپٹی دائریکٹر ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نگر جو کہ ماضی میں بذات خود ایک ماہر تعلیم رہ چکے ہیں انھوں نے نہایت ہی مثبت تجویز پیش کی ہے جس پر ہم اگلے ایک ہفتے میں عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ جبکہ کانفرنس میں دیگر کیئے جانے والے فیصلوں میں ضلع نگر کے تمام سکولوں کے لیئے سنٹرل ایک ورک پلان جاری کرنے، ماہانہ ٹیسٹ سسٹم کا اجرا، ٹیسٹوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے طلباو طالبات کے لیئے انعامات کا دینا اور عمدہ اور ناقص کا رکردگی دکھانے والے ٹیچرز کے لیئے سزا اور جزا کا سسٹم جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فرینڈز ایجوکیشنل اینڈ میڈیکل ٹرسٹ کے کنٹری ڈائریکٹر کی طرف سے ضلع نگر کے اساتذہ کی تربیت کی بھی پیشکش کی گئی جس پر اتفاق کرتے ہوئے جلد اس ٹریننگ کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر تمام شرکا کا ڈپٹی کمشنر نگر نویداحمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انھوں نے اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود اپنی علم دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے آج تمام شرکا کو ایک چھت کے نیچے جمع کیا ہے جسکے ضلع کے تعلیمی نظام پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا ڈپٹی کمشنر نگر ایک قابل اور پر خلوص آفیسر ہیں جو کہ ضلع نگر کے تعلیمی نظام میں حقیقی تبدیلی لانے کے خواہاں ہیں۔ اگر آج کی کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنا دیا جاتا ہے تو ضلع نگر کے تعلیمی معیار میں بہت جلد ایک بہت بڑی تبدیلی رونما ہو گی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button