نگر ( سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان بین اضلاعی والی بال چیمپئن لیگ کا فائنل ہنزہ لیپرڈز کی ٹیم نے اپنے نام کرلیا. ضلع نگر کے علاقے نلت میں کھیلی گئی چیمپئن لیگ میں گلگت بلتستان کے دس اضلاع کی والی بال ٹیموں نے شرکت کی. فائنل میچ کے مہمان خصوصی وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز تھے. فائنل میچ ہنزہ لیپرڈز اور نگر رائلز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جسے ہنزہ لیپرڈز نے صفر کے مقابلے میں 3 سیٹس سے جیت کر ٹرافی اپنے نام کر لی.
آخر میں مہمان خصوصی چیف سیکریٹری اور ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی جعفراللہ خان نے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم میں ونر ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم اور دیگر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے. نگر رائلز کے کھلاڑی شوکت عباس کو مین آف دی سیریز جبکہ ہنزہ لیپرڈز کے زاہد حسین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا. اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد بھی اسٹیڈیم میں موجود تھی.
شائقین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت جہاں علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کر رہی ہے وہاں علاقے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھی بھر پور اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ ہماری حکومت نے گلگت بلتستان سطح پر کرکٹ کے مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیا اور تمام علاقوں کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے امن و محبت کا پیغام دنیا کو دیا. انہوں نے کہا کہ نگر میں والی بال چیمپئن لیگ کے کامیاب انعقاد سے گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع کے عوام کو نگر آنے کا موقع میسر آیاہے. انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر ضلع نگر کے عوام اور مقامی انتظامیہ کو مبارکباد دی.
انہوں نے نگر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے فٹبال گراونڈ اور جمنازیم تعمیر کرنے کا اعلان بھی کیا.