تھک فیز ٹو پاور ہاوس سے بجلی فراہمی کے بعد چلاس میںلوڈشیڈنگ کا خاتمہ
چلاس(مجیب الرحمان)تھک فیز ٹونئے ہائیڈل پاور پراجیکٹ سے بلا تعطل بجلی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔صوبائی حکومت ،انتظامیہ اورمحکمہ برقیات کو عوام دعائیں دینے لگے۔نئے پاور پراجیکٹ کو بہتر انداز میں چلانے اور نگرانی کے لئے تعینات عملے کی تربیت کے لئے عوامی حلقوں نے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔تھک فیز ٹو کی تعمیر مکمل ہونے سے قبل شہر میں بد ترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری تھا۔جس سے عوام شدید اذیت میں مبتلا تھے اور کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلو ج ہو کر رہ گیا تھا اور آئے روز احتجاج کا سلسلہ جاری تھا۔عوامی مشکلات کے پیش نظر محکمہ برقیات کے ایکسئین عامر شہزاد اور ان کے عملے نے دن رات محنت کی اور پاور ہاؤس کو رن کرنے کے لئے چائینیز انجینئیرز کی مدد کی۔پاور ہاؤس کی مرمت اور ٹرائل مکمل ہونے کے بعد شہر کے لئے فل پاور بغیر لوڈشیڈنگ کے بجلی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔جس سے شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک لمحے کے لئے بھی بجلی بند نہیں ہوئی ہے۔جس پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان،کمشنر دیامر،ڈی سی دیامر اور ایکسئین کے مشکور ہیں۔امید ہے بجلی فراہمی کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔تاہم ان حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاور ہاؤس پر تعینات عملے کی جدید تربیت فراہم کی جائے۔تاکہ نیا پاور ہاؤس بہتر انداز میں مزید چل سکے۔