ٔاستور کے سرحدی گاوںپشواڑی میں رابطہ سڑک اور آبپاشی کے لئے نہر کی تعمیر کا معائدہ طے پا گیا
استور (سٹاف رپورٹر) ضلع استور کے سرحدی علاقے منی مرگ کے گاوں پشواڑی میں زرعی شعبے کی ترقی کے لئے ای ٹی آئی (اکنامک ٹرانسفومیشن انیشیٹیو ) ایفاد پراجیکٹ کے تحت مقامی کمیونٹی اور ای ٹی آئی کے مابین دو منصوبوں کے لئے معاہدے پر دستخط ہو گئے. جس کے تحت واٹر ایری گیشن چینل اور غذائی اجناس کی مارکیٹ تک رسائی کے لئے رابطہ سڑک تعمیر کی جائے گی. دونوں منصوبوں پر مجموعی طور پر دو سو ملین روپے سے زائد لاگت آئے گی. دونوں منصوبوں کو مقامی کمیونٹی کے اشتراک سے پانچ ماہ کے دوران مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے . واٹر ایری گیشن چینل کی تکمیل کے بعد گاوں کی ایک ہزار کنال سے زائد بنجر زمین کو قابل کاشت بنایا جا سکے گا جبکہ ساڑھے چار کلو میٹر رابطہ سڑک کی تعمیر سے گاوں کے لوگوں کو زرعی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ کھیت سے منڈی تک زرعی اجناس پہنچانے کی سہولت بھی میسر آئے گی. اس سلسلے میں معاہدے کی تقریب پشواڑی گاوں میں منعقد ہوئی. ای ٹی آئی /ایفاد پراجیکٹ کے دیامر استور ڈویڑن کے پروگرام کوآرڈینیٹر کریم اللہ بیگ اور گاوں کی سکیم مینجمنٹ ٹیم کے صدر محمد اسلم ساموں نے رابطہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ واٹر ایری گیشن چینل کی تعمیر کے لئے معاہدے پر محکمہ واٹر مینجمنٹ استور کے ڈپٹی ڈائریکٹر عطیع اللہ اور ایس ایم ٹی کے صدر محمد اسلم ساموں نے دستخط کئے اس منصوبے کی تکمیل کا ہدف بھی پانچ ماہ مقرر کیا گیا ہے.
اس موقع پر ای ٹی آئی کے ڈویڑنل کو آرڈینیٹر کریم اللہ بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے تحت گلگت بلتستان بھر میں 50 ہزار ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنایا جا رہا ہے تاکہ مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو زراعت کی طرف راغب کیا جا سکے اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے. انہوں نے کہا کہ پشواڑی گاوں کے لوگوں نے منصوبے کو عملی جامہ پہنا کر یونین کونسل منی مرگ/قمری میں ایک مثال قائم کی ہے جس کے لئے گاوں کے لوگ مبارک باد کے مستحق ہیں. انہوں نے کہا کہ منصوبے کا فائدہ گاوں کے لوگوں کو ہی ہو گا اور ان کی زمین قابل کاشت آنے سے گاوں کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا. انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑک کی تعمیر سے گاوں کے لوگ زرعی اجناس اپنے کھیت سے منڈی تک باآسانی پہنچا سکیں گے. انہوں نے منصوبے کے لیے گاوں کے لوگوں میں اتفاق رائے قائم کرنے پر ایس ایم ٹی کے کردار کو بھی سراہا. تقریب سے محکمہ واٹر مینجمنٹ استور کے ڈپٹی ڈائریکٹر عطیع اللہ، ای ٹی آئی ضلع استور کے سوشل موبلائزیشن کوآرڈینیٹر مشروف علی، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر شاہد علی نے بھی خطاب کیا اور دونوں منصوبوں کی سماجی و تیکنیکی اہمیت و افادیت سے گاوں کے لوگوں کو آگاہ کیا جبکہ گاوں کی سکیم مینجمنٹ ٹیم کے صدر نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے گاوں کے لوگوں کی طرف سے حکومت گلگت بلتستان، ای ٹی آئی /ایفاد پراجیکٹ کے ذمہ داران، محکمہ واٹر مینجمنٹ اور محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ گلگت بلتستان کے حکام کا شکریہ ادا کیا. تقریب گاوں کے عوام کے علاوہ معززین علاقہ نے بھی شرکت کی.