غذر انتظامیہ شندور میلے کی تیاریوںسے صحافیوںکو دور رکھ رہا ہے
غذر(فیروز خان)دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں میلہ سجنے میں تین دن باقی رہ گئے ضلعی انتظامیہ غذر کے حکام کی شندور کی جانب دوڑیں جاری ہیں میلے کی تیاریاں کس مرحلے میں ہیں اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے عوام اور سیاحوں کو کسی طرح سے باخبر رکھنے کی زحمت نہیں کی ۔ماضی میں شندور سے لیکر ضلعی ہیڈ کوارٹر گاہکوچ تک شندورمیلے سے متعلق جتنے بھی میٹنگ منعقد کئے جاتے تھے وہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو شامل کیا جاتا تھا اور شندور میلے کی تیارویوں کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جاتا تھا لیکن غذر کی موجودہ انتظامیہ نے اپنے ارد گرد ایسے افراد کو جمع کیا ہے جو سب ٹھیک ہے کی رٹ لگا رہے ہیں اور با لخصوص ڈپٹی کمشنر غذر کا خود ساختہ پی آر او جو دراصل ایک فائر فائٹر ہے اور خود کو سیکنڈ ڈپٹی کمشنر سمجھتا ہے وہ ضلعی انتظامیہ کو گمراہ کرنے میں مصروف ہے جبکہ ڈی سی غذر ایک نفیس اور شریف النفس انسان ہونے کی وجہ سے ایسے افراد پر انکھیں بند کر کے بھروسہ کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شندور میلے کی تیاریوں کے حوالے سے تاحال کوئی خبر نہیں۔ عوام مقامی صحافیوں سے شندور میلے کے حوالے سے سوالات کر رہے ہیں لیکن اوقات سے بڑھ کر اختیارات ملنے پر پی آر آو ڈی سی آفس غذر کسی بھی میٹنگ میں صحافیوں کو اطلاع دینے کی زحمت نہیں کرتا جس باعث خود صحافی بھی اس میگا ایونٹ کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے لا علم ہیں۔
ڈپٹی کمشنر غذر کو چاہئے کہ میڈیا اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان پیدا خلا کو ختم کرنے کے لئے کسی اہل بندے کو پی آر او کے اختیارات سونپ دے تاکہ صحافیوں کو انتظامیہ کی مثبت اقدامات سے آگاہ کر سکے۔