شگر :گلگت بلتستان پولو پریمئر لیگ کا آغاز ہوگیا
شگر ( عابدشگری) گلگت بلتستان میں پولو کی تاریخ کا پہلا میگا ایونٹ گلگت بلتستان پولو پریمئر لیگ کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدامحمد ناشاد تھے۔ دیگر مہمانوں میں سیکریٹری زراعت ،کمشنر بلتستان حمزہ سالک،ڈی آئی جی بلتستان محمد ریاض نذیر گاڑا،ممبر اسمبلی عمران ندیم ،ڈی سی بلتستان ندیم ناصر ،ڈی سی کھرمنگ امیرخان اور دیگر اداروں کے سربراہاں موجود تھے۔
سپیکر اسمبلی کا تقریب پہنچنے پر پولیس کی چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ لیگ میں شریک پولو کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا اور مہمان خصوصی کو سلامی دی۔
سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدامحمد ناشاد نے کہاکہ گلگت بلتستان پولوپریمئر لیگ گلگت بلتستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور سیاحوں کو اس خطے کی جانب راغب کرنے میں کردار اداکریگا۔پولو بادشاہوں کا کھیل ہے۔ اور یہ ہماری ثقافت کا اہم جزو ہے۔پولو بلتستان کا قدیم کھیل ہے ۔ اور اس کی ابتداء یہی سے ہوا ہے۔ ضلع شگر ہمیشہ ادب ،کھیل اور پیار و محبت کا گہوارا رہا ہے۔ یہ خطہ پاکستان کی معیشت کیلئے اہم خطہ ہے۔ یہ سیاحتی اعتبار سے پاکستان کی سیاحت کا حب ہے۔ شگر میں نہ صرف دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو واقع ہے بلکہ بلتورو،گشہ بروم ،ہسپرجیسے اہم گلیشر یہاں واقع ہے۔ یہ راجہ حیدر خان جیسے بہادر ،بوا عباس جیسے شاعرکی سرزمین ہے۔
افتتاحی دن شگر اور چھوربٹ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں شگر کی ٹیم نے فتح حاصل کی۔ شگر ٹیم کے کپتان راجہ معظم علی خان کو مین آف دی میچ،چھوربٹ کے حامد حسین کے گھوڑے کو بہترین گھوڑا قراردیا گیا جبکہ شگر کے کھلاڑی محمد علی کو بہترین سکور ر کا ایوارڈ دیا گیا۔