پھسو میں گرلز فٹبال لیگ کا آغاز، گوجال بھر سے ٹیمیںحصہ لے رہی ہیں
ہنزہ (سٹاف رپورٹر) ضلع ہنزہ کے بالائی علاقے گوجال میں گرلز فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پھسو گوجال کے معروف سیاسی و سماجی شخصیت ہنر بیگ تھے۔ اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے کہا کہ خواتین کے لئے اس طرح مثبت سرگرمیوں سے مثبت اثرات مرتب ہو نگے۔اُنہوں نے کہا کہ خواتین اس طرح کے سرگرمیوں کے ذریعے اپنے صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔گلگت بلتستان کے خواتین نے جہاں تعلیمی اور دیگر شعبوں میں نام کمایا ہے اس طرح کھیل کے میدان میں بھی پاکستان اور گلگت بلتستان کا نام بیرون ملک روشن کیا ہے ۔
گلگت بلتستان گرلز فٹبال لیگ کے آرگنائزر اور قومی خواتین ٹیم کے کھلاڑی سمیرا عنایت کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان پرامن علاقہ ہے یہاں کی خواتین کو موقع ملے تووہ تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوا سکتی ہیں۔خواتین اپنے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل پر بھی توجہ دے کر اس خطے کانام روشن کرے۔اُنہوں نے کہا کہ فٹ بال ٹورنامنٹ کا مقصد گلگت بلتستان میں خواتین کو بااختیار بنانا ہے ۔ تاکہ یہ خواتین ملکی اور بیرون ملکی سطح پر اپنے ملک اور علاقے کا نام روشن کرنا ہے۔
کھلاڑیوں نے پہلی بار گلگت بلتستان میں خواتین کے لئے اس قسم کے سرگرمیوں کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ہنزہ سمیت گلگت بلتستان کے خواتین ملک کے دوسرے خواتین سے کم نہیں ہے اگر ان کو موقع ملے تو اپنے صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔اس ٹورنامنٹ میں تحصیل گوجال کے 8 خواتین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔جہاں ہنزہ کے خواتین نے تعلیمی میدان میں اس خطے کا نام روشن کیا ہے یہ خواتین اب پرامید ہے کہ وہ کھیل کے میدان میں بھی پاکستان اور گلگت بلتستان کا نام روشن کر سکتے ہیں اس کے لئے حکومت کی سرپرستی ضروری ہے۔