کھیل

گلگت بلتستان پولو پریمئر لیگ کے چوتھے روز بھی دلچسپ مقابلے، چیف جسٹس کی شرکت متوقع، فائنل 20 جولائی کو کھیلا جائے گا

شگر(عابدشگری)گلگت بلتستان پولو پریمئر لیگ شگر2018کے چوتھے روز شگر گرین ،سکردو اور نگر کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کرکے اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پہلے میچ میں نگر کی ٹیم نے شگر ریڈ کو پانچ کے مقابلے میں آٹھ گول سے ہرا دیا۔ ڈپٹی کمشنر شگر ذاکر حسین نے پہلے راؤنڈ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نگر کی ٹیم کو پریشان کررکھا تھا تاہم دوسرے ہاف میں نگر کی ٹیم نے پہ درپہ کئی گول کرکے جیت اپنے جھولی میں ڈال دی۔ دوسرے میچ میں سکردو نے روندو بلامک کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9-3سے ہراکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ جبکہ آخری میچ میں شگر اماچہ نے روندو شاہین کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8-3سے ہرا دیا۔پولو کے ان میچز کو دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین شاہی پولو گراؤنڈ شگر میں موجود تھے۔مقامی شائقین کیساتھ بڑی تعداد میں ملک کے دیگر جگوں سے آئے ہوئے شائقین نے بڑی دلچسپی کیساتھ میچز دیکھا۔

بتایا جارہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس نثار ثاقب کے متوقع دورہ شگر کے دوران وہ شاہی پولو گراؤنڈ شگر میں جاری گلگت بلتستان پولو پریمئر لیگ کے میچز بھی دیکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس ،جسٹس ثاقب نثار گذشتہ کئی دنوں سے گلگت بلتستان کے نجی دورے پرہیں ۔ جس کے اگلے مرحلے میں وہ بلتستان کے سیاحتی مقامات اور صحت افزاء مقامات کا دورہ کریں گے۔سرینا شگر فورٹ کا دورہ بھی شیڈول میں ہے۔وہ ہنزہ، نگر اور گلگت کے صحت افزاء مقامات کی سیاحت کے دوران عوامی جگہوں پر لوگوں سے گھل مل گئے تھے اس لئے توقع کی جارہی ہے کہ وہ شگر شاہی پولو گراؤنڈ میں جاری گلگت بلتستان پولو پریمئر لیگ کے پولو میچز بھی دیکھنے کیلئے آئیں گے۔

اس طرف، ڈپٹی کمشنر شگر ذاکر حسین اور شگر انتظامیہ کی جانب سے گلگت بلتستان پولو پریمئر لیگ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں لیگ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔عشائیہ کے بعد محفل موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں تمام اضلاع کے دھنوں اور ساز پیش کیا گیا۔اور تقریب میں شریک تمام افراد خوب محظوظ ہوئے۔پروگرام میں ڈپٹی کمشنر کھرمنگ امیر خان اور ڈپٹی کمشنر شگر ذاکر حسین نے ساز پر پرفارم کرکے شرکاء سے خوب داد وصول کئے۔

 گلگت بلتستان پولو پریمئر لیگ شگر 2018کا فائنل 20جولائی کا کھیلا جائے گا۔ فائنل کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ہونگے۔ آج سیمی فائنل کا ایک میچ شگر اماچہ اور نگرکے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ سکردو کی ٹیم پہلے سے ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔اور روندو،گانچھے اور گلگت کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button