انجئیرنگ فیکلٹی اور خواتین کیمپس کے قیام سے مقامی آبادی کو دہلیز پر سہولیات میسر ہونگی، پروفیسر عطااللہ شاہ وائس چانسلر کے آئی یو
گلگت( پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ انجینئرنگ فیکلٹی اور خواتین کیمپس کے قیام سے مقامی کمیونٹی سمیت گلگت بلتستان کے باسیوں کو گھر کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے مواقع میسر ہونگے ۔ا ن خیالات کا اظہارانہوں نے نومل کے عمائدین کی طرف سے وائس چانسلر کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا س موقع پر ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز ڈاکٹر خیل احمد ،رجسٹرار ڈاکٹر عبدالحمید لون ،ٹریژرار محمد اقبال،ڈائریکٹر QECمیر تعظیم اختر سمیت نومل کے عمائدین موجود تھے ۔وائس چانسلر نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کی اہمیت بالخصوص پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی اور جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں فنی تعلیم و تربیت کے مواقع بہم پہنچانا ناگزیر ہے جس کیلئے قراقرم یونیورسٹی عملی اقدامات کر رہی ہے ۔وائس چانسلر نے مقامی کمیونٹی کو اپنے ویژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ اعلیٰ معیاری تعلیم کے حصول، ،گلگت بلتستان میں تعلیم تحقیق اورانجینئرنگ سمیت تمام پیشہ وارانہ اور فنی تعلیم کے شعبوں کے فروغ کے لئے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، KIUکے نظام کو ڈیجیٹلائزاور آٹومیشن کا نظام مربوط بنانے کیلئے حکمت عملی وضع کر لی ہے ۔اس مقصد کے حصول کے لیے قومی و بین الاقوامی اشتراک کے ساتھ مقامی کمیونٹی کاتعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔مقامی کمیونٹی کے افراد نے وائس چانسلر کے ویژن کوسراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کی کہ وہ گلگت بلتستان میں تعلیم و تحقیق کے فروغ کیلئے وائس چانسلر کے اقدامات کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن تعاون کرینگے۔