عوامی مسائل

شمشال کی سڑک ایک ہفتے میں‌بحال کردی جائے گی، ڈُپٹی کمشنر ہنزہ

ہنزہ ( بیورورپورٹ) ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ ہنزہ کے حکام شمشال لنک روڈ کو بحال کرنے میں دن رات مصروف ہیں، جہاں پر لنک روڈ پانی کے کٹاو کی وجہ سے بلاک ہوا ہے وہاں تک ٹرانسپورٹ کسی دشواری کے بغیرجاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ہنزہ کپٹن (ر) سید علی اصغر نے میڈیا کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شمشال روڈ جس مقام پر بند ہے وہاں عوام سڑک کو پیدل کراس کرتے ہیں جس کے بعدگاڑیوں کے ذریعہ شمشال گاوں پہنچتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کا عملہ لنک روڈ کو بحال کرنے کے لئے دن رات محنت کر رہا ہے۔ ایک ہفتے میں شمشال گاوں کا راستہ بحال کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت شمشال گاوں میں عوام کے کھانے پینے کے اشیاء ہو یا ادویات میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہنزہ شمشال کے عمائدین ، نمبرداران اور مقامی کونسلات کے سربراہان کے ساتھ رابطے میں ہے اور وہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر تفصیل سے آگاہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب شمشال کے مقامی افراد نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ شمشال لنک روڑ بند ہوئے ایک ہفتے سے زائد گزر گیا ہے۔ پانی کا بہاو زیادہ ہونے کی وجہ سے لنک روڈ بند ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روڈ کو بحال کر نے کے لئے انتظامیہ کو چاہیے کہ کام کنٹریکٹر کے حوالے کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ قلیوں کو کام پرلگایا جائے۔ محکمہ تعمیرات عامہ ہنزہ کے قلیوں نے عوام کے لئے گزشتہ دنوں پیدل کراس کرنے کا راستہ بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شمشال لنک روڈ کو بحال کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے کام میں غفلت برتنے کی صورت میں علاقے میں غذائی سامان ،ادویات کی کمی واقع ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر معمولات زندگی بھی برُی طرح متاثرہو سکتے ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button