پولیس کے شہدا نے دہشتگردی کے خلاف لازوال قربانیںدی ہیں، امجد حسین اور سعدیہ دانش کا مشترکہ بیان
گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ سابق وزیر آعلی سید مہدی شاہ اور صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان پولیس فورس کے شہدا کو خراج عقیدت اور ہر دم اندرونی خطرات اور دہشتگری کے خلاف لڑنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پولیس کے جوانوں کی قربانیاں بے مثال اور ناقابل فراموش ہیں۔گلگت بلتستان میں قیام امن کے لئے پولیس کا بہت اہم کردار رہا ہے اور ان کی قربانیوں کی بدولت امن و آشتی کا سورج طلوع ہوا ہے۔اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اے آئی جی اشرف نور,ایس پی ہلال احمد,ڈی ایس پی عطااللہ,ڈی ایس پی ابراہیم,اے ایس آئی شاہ رئیس,اے ایس آئی محمد حسین,نیاز علی سمیت دیگر شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جنہوں نے اپنے لہو سے امن کی شمع روشن کی ہے۔پوری قوم کو ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔محدود وسائل کے باوجود پولیس فورس نے جس بہادری اور جانبازی کے ساتھ جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشتگردوں کا مقابلہ اور انکی سرکوبی کی ہے وہ قابل فخر ہے۔اسکے ساتھ ساتھ معاشرے کو منشیات جیسے مہلک زہر سے پاک کرنے کی مسلسل سعی بھی پولیس کا اہم کارنامہ ہے۔معاشرے میں موجود سماجی برائیوں اور اندرونی طور پر موجود دہشتگردی کے نیٹ ورک کو بروقت عیاں کر کے اس کا خاتمہ کرنا پولیس فورس کی مثالی کارکردگی ہے۔پیپلز پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پولیس جیسے حساس ادارے میں میرٹ پر بھرتیاں ہونی چاہئیں اور اس ادارے کو سیاسی سمیت کسی بھی مداخلت سے پاک ہونا چاہئے تاکہ معاشرے میں امن و امان کا قیام ممکن ہو سکے