ہنزہ میںیوم عاشور پر یکجہتی اور ہم آہنگی کا فقید المثال مظاہرہ
ہنزہ (ذوالفقار بیگ) ملک بھر کی طرح نواسہ رسولﷺ ،فاطمہ کے لعل حضرت امام حسین ؑ اور اُن کے باوفا ساتھیوں کی یاد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس گنش کے امام بارگاہ امامیہ کمپلیکس سے برآمد ہوا۔علم و ذوالجناح کا جلوس شاہراہ قراقرم سے ہوتا ہوا نماز ظہرین کے ٹائم پر ڈورکھن پہنچ گیا جہاں پر عزاداروں نے شیخ موسیٰ کریمی امام جمعہ والجماعت مسجد علی علی آباد کی امامت میں نماز جمعہ ادا کیا۔بعداز نماز فلسفہ کربلا بیان کرتے ہوئے شیخ موسیٰ کریمی نے کہاکہ حضرت امام حسین ؑ اور اُن کے باوفا ساتھیوں نے اپنی جان کا قربانی دیکر اسلام کو ختم ہونے سے بچایا ۔ یہ وہ عظیم قربانی ہے جو رہتی دُنیا تک کے مسلمانوں کو ایک لازوال پیغام دیتی ہے جس پر عمل کرکے دُنیاو آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں ۔شیخ موسیٰ کریمی نے مزیدکہاکہ اسلام ایک خوبصورت مذہب ہے جو اپنے ماننے والوں کو انسانی زندگی کے تمام شعبوں میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے اُنہوں نے مزید کہاکہ کربلا کے تپتے صحرا میں خانوادہ رسول ﷺ نے پورے خاندان کے ہمراہ یزید کے لشکر کے سامنے اللہ کی واحدانیت اور نظام مصطفی ﷺ کے نفاز کی خاطر تاریخ کے سب بڑی آزمائش سے گزرا۔واقعہ کربلا صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ حق اور باطل کا معرکہ ہے سچ اور جھوٹ کا امتحان ہے ظلم اور انصاف کا معیار ہے سچ اور جھوٹ کا کشمکش ازل سے جاری ہے ابد تک چلے گی یوم عاشورہ اپنے محاسبے کادن ہے اس دن ہر مسلمان کو اپنے گریباں میں جھانکنا چاہیے اور بھر غور وفکر کے بعد فیصلہ کرنا چاہیے کہ ہم اسلام کے اُصولوں کے مطابق ہے کہ نہیں ۔ واقعہ کربلا ہمیں حق و باطل کا درس دیتا ہے ہمیں حق بات کہنی چاہیے ۔
شیخ موسیٰ کریمی نے جلوس میں شریک تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اسماعیلی کمیونٹی کے وہ افراد جو جلوس میں خصوصی طور پر شرکت کی خاص کر التت کمیونٹی جنہوں نے ایمبولینس کے ساتھ بوائز سکاوٹس کو بھیجا ،اسی طرح گنش کے اسماعیلی برادری کے نمائندہ وفد،شیراز کمیونٹی جنہوں نے عزاداروں کے لئے سبیل کا بندوبست کیا ،ہنزہ ہوٹل ایسوسی ایشن کی جانب سے تبرک کا اہتمام کیا ۔ہنزہ امن کمیٹی کے وہ افراد جو مسلسل جلوسوں میں شرکت کی اور ضلعی انتظامیہ خاص کر ڈپٹی کمشنر ہنزہ کیپٹن ریٹائرڈ سید علی اصغر اور اُن کے ماتحت مختلف سرکاری ادارے جنہوں نے جلوس میں خدمات انجام دی ہیں میری طر ف اور انجمن تبلغ جعفریہ کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور اُمید کرتے ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح کا ماحول پیدا کرکے دیگر اضلاع کے ہم آئیڈیل بنیں گے ۔اور وہ تمام سیکورٹی ادارے جن میں جی بی پولیس، پاک فوج ، این ایس سکاوٹس کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اُنہوں نے سیکورٹی کے بہترین فرائض انجام دئیے۔
بعد از جلوس شاہراہ قراقرم سے ہوتا ہوا علی آباد مین مارکیٹ پہنچا جہاں پر عزاداروں نے زنجیر زنی کی اور جلوس کے شرکاء سینہ کوبی کرتے ہوئے مسجد علی علی آباد پہنچ کر جلوس اختتام پذیر ہوا ۔ ملک بھر کی طرح ضلع ہنزہ میں موبائل سروس معطل رہا۔ جبکہ پاک فوج کی ہیلی کاپٹر وں نے جلوس کی فضائی نگرانی کی۔