شہید سپاہی سمیع اللہ مرکزی ہنزہ کے گاوںگریلت میںسپرد خاک
ہنزہ ( اجلال حسین) شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے
گزشتہ دنوں شمالی وزیر ستان میں دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوے شہید ہونے والے نوجوان سپاہی سمیع اللہ ولد حسین اللہ کو ان کے آبائی گاوں گریلت ہنزہ میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقعے پر سینئر عسکری قیادت کے علاوہ ضلعی انتظامیہ ہنزہ کے حکام ، سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے حکام سمیت ہنزہ بھر سے سینکڑوں مرد و خوتین موجود تھے۔
شہید سپاہی سمیع اللہ ہنزہ بوائزے سکاوٹس میں خدمات سرانجام دے رہا تھا۔ ان کی میت بذریعہ ہیلی کاپٹر گلگت پہنچانے کے بعد ہنزہ کی طرف روانہ کردی گئی تو سکاوٹس کے سینکڑوں نوجوان موٹر سائیکلز اور دیگر گاڑیوں میں ان کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔ میت کے ساتھ بڑی تعداد میں عوام بھی گاڑیوں سمیت شامل ہو گئے۔ نماز جنازہ کے بعد انہیں گریلت میں فوجی سلامی کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔
اس موقع پر پاک فوج کے سینئر حکام نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے پھولوں کا ہار اور گلدستہ شہید کے تازہ قبر پر رکھ کر اظہار عقیدت کیا۔
شہید کے والد حوالدار (ر)حسین اللہ نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میرا بیٹا محمد سمیع اپنے وطن کی خاطر شہید ہو گئے۔ مجھے ان کی موت پر فخر ہے۔ آج میرا بیٹا مرا نہیں، بلکہ ہمیشہ کے لئے زندہ ہوگیا ہے۔ ان کی شہادت صرف میرے لئے نہیں بلکہ ہنزہ اور گلگت بلتستان کے لئے بھی فخر کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود پاک فوج سے بطور غازی ریٹائر ہوچکے ہیں، جبکہ ان کا ایک اور بیٹا ابھی فوج میں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
میت کے ساتھ آئے ہوئے برگیڈئراکبر حسین ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان سکاوٹس نے کہا کہ شہید سمیع اللہ کی شہادت کو پاک فوج ہمیشہ یاد کریگی۔ ہمیں ان کے خاندان اور بلخصوص ان کے والدین کے ساتھ ہمدردی ہے، اور ہم دعا کرتے ہیں کہ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا ہو، اور شہادت کا رتبہ پانے والے شہید محمد سمیع کو اللہ پاک جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
اس موقع پر پاک فوج کے حکام نے شہہید کے والد حوالدار (ر)حسین اللہ کوقومی پرچم بھی پیش کیا۔
شہید سمیع اللہ غیر شادی شدہ تھے۔ ڈیڑھ ماہ بعد ان کی شادی ہونی تھی۔
پسماندگان میں والد اور والدہ کے علاوہ دو بھائی اور تین بہنیں شامل ہیں۔
شہید سمیع اللہ کی میت میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی نمائندگی کرتے ہقے رک گلگت بلتستان کونسل ارمان شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ صدر اسماعیلی کونسل برائے علی آباد و حیدر آباد شاہد نے لواحقین اور علاقے کی جانب سے تدفین میں شریک ہونے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔