چلاس میںعارضی ملازمین سراپا احتجاج، صوبائی حکومت کے خلاف نعرے بازی
چلاس(مجیب الرحمان) ضلع دیامر میں سرکاری اداروں کے کنٹیجنٹ پیڈ ملازمین نے عدم مستقلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی مظاہرین نے پریس کلب سے صدیق اکبر چوک تک ریلی بھی نکالی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر مستقلی کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرین نے مطالبات کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کی۔کنٹیجنٹ پیڈ ملازمین کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے مختلف اداروں میں بلا معاوضہ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔صوبائی حکومت نے مستقل کرنے کے وعدے کئے مگر تاحال عملدرآمد نہ ہوسکا۔جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں کنٹیجنٹ پیڈ ملازمین کو مستقل کیا جا چکا ہے۔مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ مستقلی کے انتظار میں اکثر ملازمین کی عمریں بھی ملازمت کی حد سے گزر چکی ہیں۔اور ان کے گھروں میں فاقے کی نوبت آچکی ہے۔احتجاجی مظاہرین نے 15 اکتوبر تک مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں گلگت شہر کی طرف لانگ مارچ اور گلگت میں دھرنا دینے کا اعلان بھی کیا۔احتجاجی مظاہرے سے عابد فراز، عبدالستار،سید رحمت شاہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے گورنراور وزیر اعلی سے مطالبہ کیا کہ غریب ملازمین کو ان کا حق فوری دیا جائے۔تاکہ دفتری معاملات متاثر نہ ہوسکیں۔