اہم ترین

سٹیٹ بینک آف پاکستان گلگت بلتستان کی معاشی ترقی کے لئے اقدامات کرے گا، گورنر طارق باجوہ

گلگت: (پریس ریلیز) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان،  جناب بابر حیات تارڑ،  نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جناب طارق باجوہ سے اسٹیٹ بینک سیکریٹیریٹ کراچی میں ملاقات کی۔ اس دوطرفہ ملاقات میں اسٹیٹ بینک کے تعاون سے گلگت بلتستان کی معاشی حالت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ، سیاحت، زراعت، پن بجلی کے منصوبوں اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف سیکرٹری کی خصوصی کاوش کی بدولت گورنر اسٹیٹ بینک نے گلگت بلتستان میں کراکرم مائیکرو فنانس بنک کے قیام میں ہر قسم کی ممکنہ معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس  کے ساتھ ساتھ  نجی شعبے میں قائم چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو آسان اقساط پر سالانہ چھے فیصد کی شرح سے قرضے فراہم کرنے کا عہد کیا گیا۔ بعدازاں اس سہولت کے دائرہ کار کو دیگر شعبہ جات تک بھی بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔  مفاد عامہ میں قرض کے آسان اور محفوظ حصول کو ممکن بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک کی طرف سے آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ نیز مقامی پھلوں کی پاکستان کے دیگر علاقوں اور بیرون ملک ترسیل کے لیے فروٹ پروسیسنگ پلانٹ لگانے میں مالی معاونت کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ کے لیے پہلے سے قائم ہوٹلوں اور گیسٹ ہاوسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی مالیاتی  معاونت کا حصول ممکن بنایا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں پن بجلی کے منصوبوں کی ترویج و تعمیر کے لیے گرین فنڈ کے ذریعے مالی معاونت کی جائے گی۔ مزید برآں اسٹیٹ بینک کے سینئر افسران کا وفد سیاحت،  فوڈ پروسیسنگ اور معدنیات وغیرہ کے شعبے میں کاروباری افراد کی رہنمائی کے لیے جلد ہی گلگت بلتستان کا دورہ کرے گا۔ مقامی سرمایہ کاروں اور نجی اداروں کی سہولت کے لیے گلگت شہر میں اسٹیٹ بینک کے دفتر کا افتتاح کیا جارہا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button