صدر پاکستان نے ہنزہ میںمصروف دن گزارا، عطا آباد جھیل سمیت گوجال کے مختلف علاقوںکا دورہ کیا، پرتپاک استقبال
ہنزہ (اکرام نجمی, اسلم شاہ) صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اپنے ہنزہ کے نجی دورے کے دوسرے دن عطا آباد جھیل،پھسو گوجال اور خیبر کا دورہ کیا ،
متاثرین عطا آباد جھیل نے صدر پاکستان کو خوش آمدید کہا اس موقعے پر روایتی ٹوپی اور چوغے کا تحفہ پیش کیا گیا متاثرین عطا آباد کے نمائندوں نے صدر پاکستان کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج تک تمام متاثرین کے گھر باراور زمین زیر آب ہیں جبکہ سابقہ حکومت کے وعودوں کے بر عکس انھیں زمین کا معاوضہ بھی ابھی نہیں ملا ہے ۔ اس موقع پر عطا آباد کے متاثرین نے صدر مملکت سے مطالبہ کیا کہ’’ نیاپاکستان ہاوسنگ اسکیم ‘‘ میں متاثرین عطاآباد کے لیے گھر فراہم کئے جائیں اور متاثرین کے لیے وزیر اعظم پروگرام میں ایک ایک نوکری فراہم کی جائے۔
اس موقع پر صدر مملکت نے پھسو گلیشئر کے قریب موجود نجی ہوٹل میں مقامی موسیقی کے سکول بُلبلیک اور گوجال کے عوام کی جانب سے منعقد مختصر پروگرام میں شرکت کی جس میں مقامی فنکاروں نے روایتی موسیقی کے فن کا مظاہرہ کیا صدر مملکت نے مقامی فنکاروں کی فنکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ۔پچھلے پہر صدر مملکت نے خیبرگوجال کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے مارخور دیکھے ۔اور جنگلی حیات کی حفاظت اور افرائش نسل کو سراہا ۔
یاد رہے کہ خیبر گوجال اور دیگر علاقوں میں مقامی افراد اور محکمہ جنگلی حیات کے اشتراک سے جنگلی حیات کی غیر قانونی شکار پر پابندی کے باعث خیبر اور گردنواح میں نایاب جنگلی حیات میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹرافی ہنٹنگ کے لیے اندرون اور بیرون ملک سے شکار کے شوقین افراد ہنزہ کا رخ کرتے ہیں