گلگت( پ ر ) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں "کرپشن کے خاتمے میں میڈیا کا کردار "کے عنوان پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ایک روزہ سیمینار کا انعقاد KIUشعبہ ابلاغیات اور ریجنل احتساب بیوروگلگت کے اشتراک سے کیاگیا۔
ایک روزہ سیمینار کے مہمان خصوصی وائس چانسلر KIUپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ تھے ۔ان کے ہمراہ اے ٹی سی کورٹ کے جج راجہ شہباز خان،ریجنل ڈائریکٹر احتساب بیورو گلگت بلتستان ناصر جنیجو، یونیورسٹی کے سینئر منیجمنٹ ،فیکلٹی ممبران ، گلگت بلتستان کے سینئر صحافی و کالم نگارسمیت طلبہ و طالبات کی کشیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہKIU کرپشن کے خاتمے کی آگاہی مہم میں نیب کے ساتھ مکمل تعاون کریگی ۔کرپشن قوموں کی تنزلی کا ذریعہ بنتی ہے لہذا ہمیں انفرادی و اجتماعی دونوں سطح پر کرپشن کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔سب مل کر کام کرینگے تو کرپشن جیسی لعنت سے چھٹکارہ حاصل کیاجاسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔جب تک رویوں میں تبدیلی نہیں لائینگے تب تک معاشرتی برائیوں میں کمی نہیں آئے گی۔نیب کا تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلق ہمیشہ رہاہے اور ہمیشہ رہے گا۔کیونکہ تعلیمی اداروں کا کام شخصیت سازی کرنا اورفرد کو معاشرے کا زمہ دار شہری بناناہے ۔انہوں نے کہاکہ اساتذہ طلبہ و طالبات کیلئے رول ماڈل بنے اوردرس و تدریس میں معاشرتی برائیاں اوران کے اثرات کے حوالے سے طلباء کو آگاہ کریں تاکہ طلباء ان معاشرتی برائیوں کے سد باب کے لیے اپنا کردار ادا کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی سیمیناز ،ورکشاپس اور کانفرنسز کے ذریعے ہی آگاہی و شعور میں اضافہ کیاجاسکتاہے ۔وائس چانسلر نے شاندار سیمینار کے انعقاد کرنے پر شعبہ میڈیا کمیونیکشن کے اساتذہ و طلباء کو مبارک باد پیش کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر احتساب بیورو گلگت بلتستان ناصر جنیجونے کہاکہ کرپشن کی ناسور کے خاتمے کے حوالے سے میڈیا اہم کردار ادا کررہاہے ۔میڈیا کی وجہ سے کرپشن جیسی برائی اور اس کے معاشرے پر پڑنے والے اثرا ت و نقصانات سے عوام الناس کو شعور و آگاہی دلانے میں کامیابی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نیب کے قیام کا مقصد معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے ۔اس مقصد کے حصول کے لیے نیب کام کررہاہے ۔اس حوالے سے سکولوں،کالجوں ،یونیورسٹیوں سمیت دیگر انتظامی اداروں میں شعورو آگاہی کے پروگرامز،آگاہی واک سمیت دیگر پروگرامات شامل ہے ۔ان کے علاوہ نیب نے کرپشن سمیت دیگر معاشرتی برائیوں کے سدباب اور ان سے آگاہی کے لیے مختلف سوسائٹیز بنائی ہے ۔جو ان برائیوں کے خاتمے کے لیے کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کے حوالے سے نیب کی طرف سے اٹھائی جانے والی آگاہی مہم میں KIUنے اہم کردار ادا کیا ہے ۔جس پر وائس چانسلر اور اس کی پوری ٹیم مبارک بادکے مستحق ہے۔
سینئر صحافی شبیر میر نے سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے تحقیقی صحافت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ خرابی کی جڑ تک پہنچنے کیلئے جب تک تحقیق نہیں کریں اس وقت تک معاشرے سے خرابی کا تدراک ممکن نہیں۔ شبیر میر نے کرپشن کے خاتمے کیلئے جدید خطوط پر عامل صحافیوں کی تربیتی نشست کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔
سابق صدر پریس کلب گلگت امتیاز علی تاج نے کہا کہ کرپشن کے خلاف رپورٹنگ پر صحافیوں کو سنگین دھمکیاں ملتی ہیں، معاشرے میں صحافی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ اگر صحیح معنوں میں کرپشن کے خلاف جہاد کرنا ہے تو صحافیوں کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے ۔
سٹیشن منیجر سہیل احمر بسر نے الیکٹرونک اور سوشل میڈیا کا معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کے کردار پر سیر حاصل گفتگوکی ۔ان سے قبل ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر محمد رمضان نے افتتاحی کلمات پیش کی جبکہ رجسٹرار ڈاکٹرعبد الحمیدلون نے اختتامی کلمات پیش کرتے ہوئے کامیاب سیمینار کے انعقاد پر منتظمین سمیت مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
شعبہ ابلاغ عامہ کے چیئرمین عنایب اللہ سخاوت نے ایک روزہ سیمینار انعقاد کرنے کے اغراض و مقاصد بیان کیا۔سیمینار کے آخر میں وائس چانسلر نے ڈائریکٹر نیب جبکہ ڈائریکٹر نیب نے وائس چانسلر کو یادگاری شیلڈ پیش کی ۔ سابق کوآرڈینٹرز، فوکل پرسنز اور کابینہ اراکین ،سیمینار کے منتظمین اورمقررین میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرعطاء اللہ شاہ اور ڈائریکٹر نیب نے شیلڈ ز و اسنادتقسیم کئے ۔