خبریں

‘ہلال احمر بلا تفریق رنگ ونسل پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے’

نگر(پ ر) ہلال احمرگلگت بلتستان کے چیئرمین کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ انہیں ہلال احمر جیسے ایک اہم اور قومی فلاحی ادارے کے صوبائی سربراہ ہونے پر فخرہے کیونکہ یہ ادارہ بلا تفریق،رنگ ونسل ملک بھر خاص طورپر گلگت بلتستان کے دوردراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں گراں قدرخدمات سرانجام دے رہا ہے اور ہوپر نگر جیسے علاقے میں خواتین کے لئے سلائی کڑائی کی تربیت کا اہتمام،بنیادی صحت کی بہتری اور دیگر عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے اس کی ایک بہترین مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلال احمرپاکستان اور ڈنیش ریڈکراس کے باہمی اشتراک سے ضلع نگر کے دورآفتادہ گاؤں ہوپر میں مقامی خواتین کے لئے منعقدہ ایک ماہ پر مشتمل سلائی کڑائی کی تربیتی کورس کی اختتامی اور دیہی ہیلتھ ورکرز کے لئے منعقدہ چھ روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے چیئرمین ہلال احمر گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالا تو یہ ادارہ طرح طرح کی مشکلات کا شکار تھا جن پر قابو پانے کے لئے وہ اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت کی اور آج یہ ادارہ ایک بہترین سمت میں عوامی مسائل کے خاتمے کے لئے سرگرم عمل ہے جس پر انہیں نہایت خوشی ہورہی ہے۔

انہوں نے مذید کہا کہ ہوپر میں خواتین کے لئے دستکاری کی تربیت کے اہتمام کا مقصد مقامی خواتین کو ہنرمند بنا کر باعزت روزگار کمانے کے قابل بنانا تھا جس کے لئے ادارے کی جانب سے مقامی خواتین کی بھرپور معاونت کی جارہی ہے تاکہ ان کی گھریلوے معیشت اور حالات زندگی میں بہتری لائی جاسکیں۔ انہوں نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ علاقے اور عوام کے وسیع تر مفاد کی خاطر اس طرح کے فلاحی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ادارے کے فلاحی منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ استعفادہ حاصل کرنے کی کوشش کریں تاکہ علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہلال احمرگلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری نورالعین نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان اور ڈنیش ریڈکراس کے باہمی اشتراک سے ہوپر نگر میں جاری اس منصوبے کے تحت مقامی لوگوں خاص طورپر خواتین کو ہنرمند بنانے کے سلسلے میں متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن سے ان لوگوں کی زندگیوں میں خاصی بہتری آئیگی۔ انہوں نے خواتین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہلال احمرکے ان منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرکے خود کو باعزت روزگار کمانے کے قابل بنانے کی کوشش کریں۔

ڈپٹی کمشنرنگر کمال الدین قمر نے ہوپر یونین کونسل میں جاری ہلال احمرکے فلاحی منصوبے کی شاندارالفاظ میں تعریف کرتے ہوئے منصوبے کی مذید کامیابی کے لئے اپنی جانب سے ہلال احمرکے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ہوپرمیں طبی سہولیات کی فراہمی اور متعلقہ عملہ کے پیشہ ورانہ استعداد کار کو بڑھانے کے لئے ہلال احمرکی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے ہوپرجیسے پسماندہ علاقے میں ایک اہم منصوبے کے اجراء پر چیئرمین ہلال احمر گلگت بلتستان اور صوبائی سکریٹری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یاد رہے کہ ہلال احمرپاکستان اور ڈنیش ریڈکراس کے باہمی اشتراک سے ہوپر نگر میں جاری اس منصوبے کے تحت علاقے میں خواتین کو سلائی کڑائی کی تربیت کی فراہمی کے علاوہ کوکنگ، مرغبانی، سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار سے متعلق خاص تربیت فراہم کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں منصوبے کے تحت ہوپر یونین کونسل کے گاؤں ہکلشل میں زرعی زمنیوں کو سیراب کرنے کے لئے سولہ لاکھ کی لاگت سے پانی کے ذخیرے کے لئے آر سی سی ٹینکی بھی تعمیر کی گئی ہے، جبکہ گاؤں رتل میں سیلاب کی تباہی کو روکنے کی غرض سے221 فٹ آر سی سی بند بھی تعمیر کیا گیا ہے، اسی طرح گاؤں بروشال میں تقریباً چار کلومیٹر رقبے پر مشتمل اراضی میں پھلدار درختوں کی حفاظت کا منصوبہ اور گاؤں شکامتین میں ایک ہزار فٹ لمبائی پر مشتمل واٹر چینل کی مرمت کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button