ضلع کھرمنگ میں جشن مے فنگ روایتی انداز میں منا یا گیا
کھرمنگ (سرو رحسین سکندر) بلتستان کی قدیم روایت جشن مے فنگ کو بلتستان بھر کی طرح ضلع کھرمنگ میں بھی پر وقار انداز میں منا یا گیا۔ مرد خواتین بچے سب اپنے ہاتھوں میں آگ کے مشعل اٹھائے گھروں سے نکل آئے گھروں میں طرح طرح کے روایتی کھانوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔
اس سلسلے میں ضلع کھرمنگ کا مرکزی تقریب سہارا یوتھ کھرمنگ نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کی تعاون سے ہائی سکول مہدی آبا د کے گراونڈ میں منایا۔ غلوم رسنا پا اور فانوس اڑانے کے مقابلے بھی کرائے گئے جبکہ لوگ خوشی سے روایتی رقص بھی کر رہے تھے۔
مرکزی تقریب سے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنر کھرمنگ کیپٹن ریٹائرڈ شہریار شیرازی نے کہا کہ زندہ دل لوگ اپنی ثقافتی تہواروں کو بھر پور انداز سے مناتے ہیں جو اپنی ثقافت کو بھول جاتے ہیں وہ دنیا سے مٹ جاتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ اس طرح کے تہواروں کو بڑے پیمانے پر منائے۔
انہوں نے اچھی تقریب کے انعقاد پر سہارا یوتھ کھرمنگ کو خراج تحسین پیش کیا ۔
تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر کھرمنگ عباس علی نے کہا کہ ہماری ثقافت تباہی کے دہانے پر ہے اس کو ہر حال میں زندہ رکھنا چاہئے ہمیں پورے سال میں ایک دن اس طرح کے تہواروں کو زندہ کرنے کے لئے صرف کرنا چاہئے یہاں کھرمنگ کی عوام میں جشن مے فنگ کے حوالے سے جوش جذبہ قابل دید ہے اور نوجوانوں کی تنظیم نے اس روایت کو قائم کرنے کے لئے کردار ادا کیا جو کہ قابل تعریف ہے حکومت آئندہ بھی اس طرح کے تہواروں کو منانے والوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔